تشدد کا الزام، اینکر عائشہ جہانزیب کے شوہر کا دو روزہ جسمانی ریمانڈ منظور

image

پاکستان کے ٹی وی شوز کی معروف میزبان عائشہ جہانزیب نے اپنے شوہر حارث علی پر تشدد کا الزام عائد کیا جس کے بعد پولیس نے انہیں گرفتار کر لیا ہے۔

بدھ کو اینکر پرسن عائشہ جہانزیب کے شوہر حارث علی کو پولیس نے لاہور کی کینٹ کچہری میں پیش کیا۔ جوڈیشل مجسٹریٹ نے ملزم کا دو روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے انہیں مزید تفتیش کے لیے پولیس کی تحویل میں دے دیا ہے۔

عائشہ جہانزیب نے اپنے شوہر کے خلاف تھانہ سرور روڑ میں مقدمہ درج کروایا تھا جس میں انہوں نے حارث علی پر تشدد کا الزام عائد کیا۔

ایف آئی آر میں درج تفصیلات کے مطابق عائشہ جہانزیب کا کہنا ہے کہ انہوں نے حارث علی سے 2015 میں شادی کی جن سے ان کے بچے بھی ہیں۔

ایف آئی آر کے متن میں عائشہ جہانزیب نے موقف اپنایا کہ ان کے شوہر سخت مزاج ہیں۔ رواں سال جنوری سے ان کے شوہر نے انہیں اور بچوں کو تشدد کا نشانہ بنایا تاہم  رشتہ نبھانے کی خاطر اس مسئلے کو نہیں اُٹھایا۔

عائشہ جہانزیب کے بقول اُن کے شوہر شکی مزاج ہیں اور پہلے واقعے کے بعد سے وہ کئی مرتبہ انہیں تشدد کا نشانہ بنا چکے ہیں۔ گزشتہ ماہ جون کی چوبیس تاریخ کو بھی انہیں تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔

ایف آئی آر کے مطابق عائشہ جہانزیب کے شوہر نے انہیں ’بالوں سے پکڑ کر گھسیٹا اور لاتوں مکوں سے مارا پیٹا‘ جس کی وجہ سے انہیں زخم آئے۔

تھانہ سرور روڑ میں درج مقدمے کی تفصیلات کے مطابق عائشہ جہانزیب کے شوہر نے انہیں آٹھ جولائی کو دوپہر کے وقت ایک مرتبہ پھر تشدد کا نشانہ بنایا۔ اور انہیں گھسیٹتے ہوئے گیٹ تک لے گئے اور پستول نکال کر ان کی کنپٹی پر رکھی۔

انہوں نے تھانے میں کچھ تصاویر بھی جمع کروائی ہیں جن میں ان کا تشدد زدہ چہرہ دیکھا جا سکتا ہے۔

پولیس نے مقدمہ درج کرنے کے بعد ان کے شوہر حارث علی کو منگل کی شام گرفتار کیا اور بدھ کی صبح انہیں عدالت میں پیش کیا گیا اور اب وہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی کسٹڈی میں ہیں۔


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US