خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں چھاؤنی کی حدود میں دھماکہ ہوا ہے جس میں کم سے کم آٹھ افراد زخمی ہوئے ہیں۔ پولیس حکام کے مطابق پیر کو کینٹ کے قریب کوہاٹی گیٹ میں صبح پانچ بجے زور دار دھماکہ ہوا۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دھماکہ مبینہ طور پر خودکش تھا جس کے نتیجے میں کینٹ کی دیوار کا ایک حصہ منہدم ہوا تاہم واقعے کی مزید تفصیل کلئیرنس آپریشن کے بعد جاری کی جائے گی۔دھماکے کی وجہ سےسے قریبی گھروں اور دکانوں کو بھی نقصان پہنچا۔ بنوں پولیس کے ترجمان بشیر احمد نے اردو نیوز کو بتایا کہ زخمی افراد کو سی ایم ایچ ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ پولیس ترجمان کے مطابق کینٹ کے قریبی راستے سِیل کر دیے گئے ہیں اور پولیس اور سکیورٹی فورسز کا مشترکہ سرچ آپریشن جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ کلیرئنس آپریشن کے بعد علاقے کو کھول دیا جائے گا۔