’سونے میں سرمایہ کاری‘، پاکستان میں ایک دن میں سونا 4 ہزار 600 روپے فی تولہ مہنگا

image

امریکی سینٹرل بینک کی جانب سے شرح سود میں کمی کے اشارے کے بعد عالمی سطح پر سونے کی قیمت بڑھنے سے پاکستان میں بھی قیمت میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔

 جمعرات کو فی تولہ سونا 4 ہزار 600 روپے مہنگا ہوا اس اضافے کے بعد ملک میں فی تولہ سونے کی قیمت 2 لاکھ 54 ہزار روپے ہوگئی ہے۔

گولڈ ٹریڈرز کے مطابق عالمی مارکیٹ میں سونے کی فی اونس قیمت میں 60 ڈالر کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، اس اضافے کے اثرات مقامی مارکیٹ میں بھی نظر  آرہے ہیں۔

مارکیٹ میں دس گرام 24 قیراط سونے کی قیمت میں 3 ہزار 944 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ اس وقت دس گرام سونے کی قیمت 2 لاکھ 17 ہزار 764 روپے ہے۔ اسی طرح فی تولہ سونا 4 ہزار 600 روپے مہنگا ہونے کے بعد قیمت 2 لاکھ 54 ہزار روپے ہو گئی ہے۔

آل پاکستان جیمز اینڈ جیولز ایسوسی ایشن کے رہنما عبداللہ نے اردو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ’امریکہ کے مرکزی بینک کی جانب سے شرح سود میں کمی کا کہا جا رہا ہے، اس رجحان کو دیکھتے ہوئے سرمایہ کار اب سونے میں سرمایہ کاری کو محفوظ تصور کر رہے ہیں، اور سونے کی خریداری کر رہے ہیں۔‘

انہوں نے مزید بتایا کہ ’عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت 60 ڈالر فی اونس بڑھ چکی ہیں۔ اس اضافے کے اثرات اب مقامی مارکیٹ پر نظر آرہے ہیں۔‘

’جمعرات کو پاکستان میں سونے کی قیمت میں 4 ہزار سے زائد روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا جاچکا ہے، لیکن اب بھی مقامی مارکیٹ عالمی مارکیٹ کے مقابلے میں سستی ہے، انہوں نے کہا کہ تقریباً 4 ہزار مارکیٹ اب بھی انڈر ویلیو ہے۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ سونے کی قیمت میں اضافے کی وجہ سے مقامی مارکیٹ بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔ سونا مہنگا ہونے کی وجہ سے اب لوگ مصنوعی جیولری خریدنے کو ترجیح دے رہے ہیں۔

صرافہ ایسوسی ایشن کے رہنما ہارون چاند کے مطابق ’ پاکستانی مارکیٹ انٹرنیشنل مارکیٹ کے حساب سے ٹریڈ کرتی ہے، اگر عالمی مارکیٹ میں قیمت بڑھے گی تو اس کے اثرات پاکستانی مارکیٹ میں بھی نظر آئیں گے۔‘

کراچی طارق روڈ پر مصنوعی جیولری کا کاروبار کرنے والے محمد وقاص کا کہنا ہے کہ سونا مہنگا ہونے کی وجہ سے گذشتہ ایک ماہ سے مصنوعی جیولری کی مانگ میں مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US