فیس بک پر طنزیہ ایموجی بھیجنے پر جھگڑا، پشاور میں تین افراد ہلاک جبکہ 5 زخمی 

image

خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور کے علاقے رشید گڑھی میں دو فریقوں کی لڑائی کے نتیجے میں فائرنگ سے تین افراد ہلاک جبکہ پانچ زخمی ہوگئے ہیں۔

پولیس نے ابتدائی کارروائی کرتے ہوئے 14 ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔

پولیس کے مطابق پشاور شہر کے علاقے رشید گڑھی میں جمعے کو دو گروہوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے تین افراد ہلاک جبکہ پانچ زخمی ہوگئے۔

’یہ واقعہ جمعے کو اس وقت پیش آیا جب دو فریقوں میں سوشل میڈیا پر کمنٹس کے تنازعے پر بحث و تکرار ہوئی۔ ایس پی سٹی ظفر احمد خان نے اردو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’دونوں فریقوں کے درمیان فیس بک پر ایموجی بھیجنے پر لڑائی ہوئی تھی۔‘

ایس پی سٹی نے بتایا کہ پہلے ایک فریق نے ویڈیو اپلوڈ کی تھی جس پر دوسرے فریق  نے طنزیہ سمائلی کے ساتھ ایموجی کمنٹ کیا تھا جس کے بعد پہلے فریق نے دوسرے فریق کے علاقے میں جاکر بحث وتکرار کی۔

پولیس کے مطابق بحث کے بعد بات ہاتھا پائی تک پہنچ گئی اور دونوں فریقین نے ایک دوسرے پر گولیاں برسا دی۔

ایس پی ظفر احمد کہتے ہیں کہ ’ایک گروہ میں سے 2 جوان جبکہ دوسرے گروہ میں سے ایک ہلاکت ہوئی ہے، ابتدائی تفتیش کے دوران اب تک واقعے کی یہی وجہ سامنے آئی ہے تاہم دونوں گروہوں کے درمیان اس سے قبل کوئی آپس کی دشمنی نہیں تھی۔‘

ایس پی سٹی کے مطابق دونوں گروہوں کے 14 ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے تاہم حراست میں لیے گئے ان ملزمان کو اس مقدمے میں نامزد کیا گیا ہے۔ دوسری جانب پولیس نے ملزمان سے اسلحہ بھی برآمد کرلیا ہے۔ 

پولیس کے مطابق واقعہ کے جائے وقوعہ میں موجود سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج اکھٹی کی جارہی ہے جبکہ واقعے کے عینی شاہدین کے بیانات بھی قلمبند کروائے جارہے ہیں تاہم کیس میں مزید پیش رفت کے ساتھ تفصیلات میڈیا کو بتائی جائیں گی۔


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US