کلکتہ ٹرینی ڈاکٹر ریپ کیس: ’ملزم اپنی سابقہ بیوی کو مارتا پیٹتا تھا‘

image
انڈیا کے شہر کولکتہ کے سرکاری ہسپتال میں آر جی کار میڈیکل کالج میں نوجوان ڈاکٹر کے ریپ اور قتل کے ملزم سنجے رائے کی ساس نے الزام عائد کیا ہے کہ وہ اپنی سابقہ بیوی کو مارتا پیٹتا تھا۔

ہندوستان ٹائمز کے مطابق سنجے رائے کی ساس نے نیوز ایجنسی اے این آئی کو بتایا کہ ملزم نے اپنی تین ماہ کی حاملہ بیوی کو مارا پیٹا جس کی وجہ سے اُس کا حمل ضائع ہو گیا۔‘

ساس نے مطالبہ کیا کہ سنجے رائے کو ان کے جرم کے لیے ’پھانسی‘  دی جائے تاہم وہ سمجھتی ہیں کہ 31 سالہ ٹرینی ڈاکٹر کے ریپ اور قتل میں مزید افراد ملوث تھے۔

انہوں نے کہا کہ ’سنجے رائے اکیلے یہ کام نہیں کر سکتے۔‘

خاتون نے نیوز ایجنسی اے این آئی کو بتایا کہ سنجے رائے کے اُن کی بیٹی کے ساتھ تعلقات کشیدہ تھے۔ ملزم نے ان کی بیٹی کو مارا پیٹا جس کے خلاف پولیس کو شکایت درج کرائی گئی تھی۔

’شروع میں چھ ماہ تک سب کچھ ٹھیک رہا، جب وہ تین ماہ کی حاملہ تھی تو اس کی وجہ سے حمل ضائع ہو گیا، اس نے اسے مارا پیٹا جس کی پولیس میں شکایت درج کروائی گئی۔ اس کے بعد میری بیٹی مسلسل بیمار رہی، میں نے اس کے تمام اخراجات برداشت کیے۔‘

ملزم کی ساس کا مزید کہنا تھا کہ ’سنجے اچھا نہیں تھا۔ اسے پھانسی پر لٹکا دیں یا اس کے ساتھ جو چاہے کریں۔ میں جرم کے بارے میں بات نہیں کروں گی۔ وہ اکیلا یہ کام نہیں کر سکتا تھا۔‘

دوسری جانب سینٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) کی جانب سے نوجوان ڈاکٹر کے ریپ اور قتل کے ملزم سنجے رائے  کا پولی گراف ٹیسٹ آج متوقع ہے۔

پیر کو سی بی آئی کو ملزم کا ٹیسٹ کرانے کی اجازت دی گئی تھی۔

کیس میں ملزمان کے ملوث ہونے کے مزید تعین کے لیے پولی گراف ٹیسٹ کرایا جائے گا۔

سی بی آئی کی تحقیقات میں سنجے رائے کے علاوہ اس کیس میں اب تک کوئی اور ملوث نہیں پایا گیا۔

مقتولہ ٹرینی ڈاکٹر کے والدین نے الزام عائد کیا ہے کہ یہ ایک اجتماعی ریپ تھا جس میں ہسپتال کے متعدد افراد ملوث تھے۔


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Get Alerts