سب اسٹیشن میں آتشزدگی، امریکی شہر سان فرانسسکو اندھیرے میں ڈوب گیا

image

امریکی ریاست کیلیفورنیا کے بڑے شہر سان فرانسسکو میں کئی گھنٹوں تک بجلی کی خرابی کے باعث ایک لاکھ 30 ہزار گھرانے متاثر ہوئے۔

خبر رساں ایجنسی (اے ایف پی) کے مطابق سنیچر کو سان فرانسسکو میں بجلی کی طویل بندش نے رہائشیوں کو کئی گھنٹوں تک مشکلات کا شکار کیا۔ شہر کو بجلی فراہم کرنے والی بڑی کمپنی نے کہا کہ رات تک مکمل بحالی ممکن ہوسکے گی۔

پیسیفک گیس اینڈ الیکٹرک کمپنی نے "ایکس" پر ایک بیان میں کہا کہ سنیچر کی رات 9 بجے تک تقریباً 90 ہزار گھرانوں کو بجلی بحال کردی گئی ہے، بقیہ 40,000 صارفین کے لیے بجلی رات گئے تک بحال ہونے کی امید ہے۔

شہر کے مغربی ساحلی علاقے کے بڑے حصے میں ہر طرف اندھیرا تھا۔ اس علاقے کی آبادی آٹھ لاکھ سے زیادہ ہے۔ بجلی کی فراہمی بند ہونے کے باعث پبلک ٹرانسپورٹ میں خلل پڑا اور ویک اینڈ پر کرسمس کی خریداری میں مصروف شہریوں کو اسٹریٹ اور ٹریفک لائٹس کے کام نہ کرنے کی وجہ سے مشکلات کا سامنا رہا۔

سان فرانسسکو کے میئر ڈینیئل لوری نے شہر کے ایمرجنسی آپریشن سینٹر سے "ایکس" پر پوسٹ کی گئی ایک ویڈیو میں کہا کہ میں جانتا ہوں کہ یہ ایک مشکل دن تھا، بجلی کی بحالی میں پیش رفت ہوئی ہے لیکن ابھی تک جن کے گھروں کی بجلی بحال نہیں ہوسکی ان سے کہتا ہوں کہ ہم آپ کی حفاظت یقینی بنائیں گے، اپنے پڑوسیوں کا خیال رکھیں۔

میئر ڈینیئل لوری نے کہا کہ پولیس، فائر ڈپارٹمنٹ اور شہر کے دیگر محکموں کے اہلکاروں کو بھیج دیا گیا ہے اور رہائشیوں سے کہا گیا ہے کہ اگر ممکن ہو تو گھروں پر ہی رہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ایک سب اسٹیشن میں آگ کے باعث بجلی کی فراہمی میں تعطل پیدا ہوا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US