کار ساز حادثہ کیس: ملزمہ نتاشا کے شوہر کی حفاظتی ضمانت منظور

image

کراچی کے علاقے کارساز میں باپ بیٹی کو گاڑی سے ٹکر مارنے والی ملزمہ نتاشا کے شوہر دانش اقبال نے اپنی حفاظتی ضمانت حاصل کر لی ہے۔

سندھ ہائی کورٹ نے ملزم کی سات دن کے لیے حفاظتی ضمانت منظور کی ہے۔ ملزم کو 50 ہزار کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا گیا ہے۔

وکیل عامر منسوب نے عدالت سے استدعا کی کہ ملزم دانش اقبال کی گرفتاری کا خدشہ ہے حفاظتی ضمانت منظور کی جائے۔ ملزم کا اس سارے واقعہ سے کوئی تعلق نہیں۔

گذشتہ روز خاتون کی میڈیکل رپورٹ پولیس کو موصول ہوئی تھی۔ کراچی پولیس کے سینیئر افسر نے اردو نیوز کو بتایا کہ ملزمہ نتاشا دانش کی رپورٹ سندھ پولیس کے پاس پہنچ چکی ہے۔

پولیس افسر نے رپورٹ کی تفصیلات سے متعلق بات کرنے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ رپورٹ عدالت میں پیش کی جائے گی، اس وقت رپورٹ پر بات کرنے سے ملزمہ کے وکلاء کو کیس میں مدد مل سکتی ہے۔

پولیس افسر نے واضح کیا کہ فی الحال رپورٹ پر مزید کوئی معلومات فراہم نہیں کی جا سکتیں۔

یاد رہے کہ 19 اگست کو کراچی ضلع شرقی کے علاقے کارساز روڈ پر ایک تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار باپ بیٹی جاں بحق جبکہ تین زخمی ہوئے تھے۔

واقعے کے بعد موقع پر موجود شہریوں نے باپ اور بیٹی کی ہلاکت پر احتجاج کیا تھا اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا تھا کہ گاڑی کی ڈرائیور نتاشا نامی خاتون کے خلاف کارروائی کی جائے۔

پولیس نے جائے وقوعہ سے ڈرائیور ملزمہ کو گرفتار کیا تھا اور میڈیکل ٹیسٹ کے لیے خاتون کو جناح ہسپتال منتقل کر دیا تھا۔


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US