سپائس جیٹ ایئرلائن بغیر مسافروں کے طیارے کیوں اڑا رہی ہے؟

image

مالی مشکلات کا شکار انڈین ایئرلائن سپائس جیٹ کو دبئی ایئرپورٹ سے انڈیا کے لیے خالی پروازیں چلانی پڑ گئیں۔

انڈین نیوز ویب سائٹ ’دا ہندوُ‘ کے مطابق 29 اگست کو سپائس جیٹ کے مسافروں کو طیارے میں چیک اِن نہیں کرنے دیا گیا کیوںکہ ایئرلائن نے ایئرپورٹ فیس ادا نہیں کی تھی۔ 

ایئرپورٹ فیس کی عدم ادائیگی کے باعث سپائس جیٹ کے مسافر طیارے میں بورڈنگ نہیں کرپائے اور ایئرلائن کو خالی پروازیں انڈیا لے کر جانی پڑیں۔

اس سے قبل 2 اگست کو بھی ایئرلائن کو اسی طرح کی صورتحال کا سامنا کرنا پڑا تھا جب واجبات کی عدم ادائیگی کے باعث سپائس جیٹ کی فلائٹس منسوخ کی گئی تھیں۔

 سپائس جیٹ کے ترجمان کے مطابق ’فلائٹس آپریشنل مسائل کی وجہ سے منسوخ ہوئی تھیں اور متاثرہ مسافروں کو دوسری ایئرلائنز کی ٹکٹس فراہم کر دی گئی تھیں اور چند مسافروں کو ان کی ٹکٹوں کے پیسے واپس لوٹا دیے گئے تھے۔‘

ترجمان نے کہا کہ فلائٹس میں خلل کے بعد دبئی سے تمام طے شدہ پروازیں اب شیڈول کے مطابق چل رہی ہیں۔

واضح رہے اس سے قبل سپائس جیٹ کو اپنے لیِزرز کی ادائیگیاں نہ کر پانے کی وجہ سے عدالت میں کیس کا سامنا کرنا پڑا تھا جس میں ان کے طیاروں کو ڈی ریجسٹر کرنے کی درخواست کی گئی تھی۔ اس کے بعد ایئرلائن کے طیاروں کو گراؤنڈ بھی کردیا گیا تھا۔

گزشتہ ماہ ممبئی ایئرپورٹ نے بھی سپائس جیٹ کو ان کے فلائٹ آپریشنز منسوخ کرنے کی وارننگ جاری کی تھی جس کے بعد ایئرلائن نے اپنے بیان میں کہا کہ ان کا ایئرپورٹ سے مالی معاملے پر سمجھوتہ ہو گیا ہے۔

سپائس جیٹ لمیٹڈ کو جون 2024 میں ختم ہونے والی پہلی سہ ماہی میں اپنے مجموعی منافع میں 20 فیصد کمی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔  


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Get Alerts