امریکا چھوڑنے پر پیسے بھی ملیں گے، ٹرمپ انتظامیہ کی غیر قانونی تارکین وطن کو پیشکش

image

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے امریکا میں غیر قانونی طور پر مقیم تارکین وطن کے لیے ایک نئی اور غیر معمولی پالیسی کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت رضاکارانہ طور پر ملک چھوڑنے والوں کو مالی مراعات دی جائیں گی۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی محکمۂ ہوم لینڈ سکیورٹی نے اعلان کیا ہے کہ جو غیر قانونی تارکین وطن رواں سال کے اختتام تک خود کو رضاکارانہ طور پر ڈی پورٹ کریں گے، انہیں مفت ہوائی ٹکٹ کے ساتھ 3 ہزار امریکی ڈالر دیے جائیں گے۔

محکمے کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اس اسکیم سے فائدہ اٹھانے کے خواہشمند تارکین وطن کو CBP Home نامی موبائل ایپ کے ذریعے اپنی رضاکارانہ واپسی کے لیے رجسٹریشن کرانا ہوگی۔ رجسٹریشن مکمل ہونے کے بعد متعلقہ افراد کو سفری سہولت فراہم کی جائے گی اور نقد رقم بھی دی جائے گی۔

حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد غیر قانونی امیگریشن کے مسئلے کو کم کرنا اور ڈی پورٹیشن کے مہنگے اور طویل قانونی عمل سے بچنا ہے۔ اس سے قبل رضاکارانہ واپسی پر دی جانے والی رقم ایک ہزار ڈالر مقرر تھی تاہم نئی پالیسی کے تحت اسے بڑھا کر 3 ہزار ڈالر کر دیا گیا ہے۔

امریکی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ پروگرام نہ صرف حکومت کے اخراجات میں کمی لائے گا بلکہ تارکین وطن کو باعزت اور محفوظ طریقے سے اپنے آبائی ممالک واپس جانے کا موقع بھی فراہم کرے گا۔ دوسری جانب اس فیصلے پر امریکا میں امیگریشن پالیسی کے حوالے سے ایک نئی بحث بھی شروع ہو گئی ہے، جس میں مختلف حلقے اس اقدام کے حق اور مخالفت میں آرا دے رہے ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US