پاسپورٹ کا بیک لاگ، روزانہ 50 ہزار درخواستیں لیکن 22 ہزار جاری کر سکتے ہیں: وزارت داخلہ

image

وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ پاسپورٹ کے لیے روزانہ 50 ہزار درخواستیں موصول ہوتی ہیں جبکہ جاری کرنے کی سہولت اس سے تقریباً نصف ہے۔

جمعرات کو سینیٹ میں وقفہ سوالات کے دوران تحریری جواب میں وزارت داخلہ نے کہا کہ سال 2022 کے بعد سے ڈی جی امیگریشن اور پاسپورٹ کو روزانہ بڑی تعداد میں درخواستیں موصول ہو رہی ہیں۔

وزارت داخلہ نے کہا کہ پاسپورٹ کے لیے روزانہ 45 سے 50 ہزار درخواستیں موصول ہوتی ہیں لیکن صرف 20 سے 22 ہزار تیار کرنے کی سہولت موجود ہے، لہٰذا پاسپورٹ کا بیک لاگ جمع ہو رہا ہے۔

 جواب میں کہا گیا کہ پاسپورٹ کی پرنٹنگ تین شفٹوں میں فعال بنائی گئی ہے۔ پاکستانی مشنز کے ذریعے جو پاسپورٹ اجرا کے لیے بھیجے گئے ہیں ان تمام کو پرنٹ کر کے بھیج دیا گیا ہے۔

’فاسٹ ٹریک اور ارجنٹ پاسپورٹ کیٹگری میں کوئی تاخیر نہیں ہے۔ نارمل پاسپورٹ اجرا میں کچھ تاخیر ہوتی ہے۔ جیسے نیے پرنٹرز نصب کیے جائیں گے پاسپورٹ تاخیر کا مسئلہ ختم ہو جائے گا۔‘

مزید کہا گیا کہ ’بجٹ میں کمی اور فنڈز اجرا میں تاخیر کے باعث پیداوری اشیا جیسے سکیورٹی انک، سکیورٹی لیمینیٹس اور سپیئر پارٹس کی خریداری میں غیر معمولی تاخیر کا سامنا ہے۔‘

’جنوری سے 20 ڈی آئی ایل ای ٹی ڈی پرنٹرز اور 20 لیمینیٹرز کی خریداری کا عمل شروع کیا، ان کی تیاری کے لیے 8 سے 9 ماہ کا وقت درکار ہوتا ہے، ستمبر کے مہینے میں ان کی فراہمی متوقع ہے۔‘

وزارت داخلہ نے کہا کہ ’چھ ڈیسک ٹاپ پرنٹرز اور دو ای پاسپورٹ مشینیوں کا آرڈر جولائی میں جاری کیا تھا، ستمبر میں اس کی فراہمی متوقع ہے۔

اہنے جواب میں وزارت داخلہ نے کہا کہ وزارت خزانہ کی جانب سے دونوں خریداریوں کے لیے مطلوبہ فنڈز مختص یا جاری نہیں کیے گئے ہیں۔


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US