پی ٹی آئی کا پاور شو، ملک کے مختلف شہروں میں انٹرنیٹ سروسز متاثر

image

پاکستان تحریک انصاف کے اسلام آباد میں ہونے والے جلسے سے قبل راولپنڈی اور اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں انٹرنیٹ سروسز سست روی کا شکار ہیں۔ شہریوں کو سوشل میڈیا ایپس بالخصوص واٹس ایپ کے استعمال میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

انٹرنیٹ کی سست روی کے بارے میں پاکستان ٹیلی کمیونکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) اور وزات داخلہ سے مؤقف جاننے کی کوشش کی گئی تاہم دونوں محکموں نے کوئی جواب نہیں دیا۔

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کی قیادت نے انٹرنیٹ کی سست روی کو اسلام آباد میں ہونے والے جلسے کو متاثر کرنے کے لیے حکومتی اقدام قرار دیا ہے۔

اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے جلسے سے قبل وزارت داخلہ یا پی ٹی اے نے انٹرنیٹ سروسز کو ڈاؤن کرنے کے حوالے سے کوئی بیان جاری نہیں کیا تھا تاہم جڑواں شہروں میں صبح 10 بجے سے انٹرنیٹ سروسز سست ہونا شروع ہوئیں اور اس دوران سوشل میڈیا اپیس بھی مکمل طور پر فعال نہیں رہیں۔

اب تک سامنے آنے والی معلومات کے مطابق واٹس ایپ پر وائس میسج بھیجنے میں صارفین کو مشکلات کا سامنا ہے جبکہ ایپ پر فون کالز بھی متاثر ہو رہی ہیں۔

ملک کے دیگر شہروں بالخصوص خیبر پختونخوا میں انٹرنیٹ سروسز متاثر

راولپنڈی اور اسلام آباد کے علاوہ ملک کے دیگر شہروں میں بھی انٹرنیٹ سروسز متاثر ہونے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔

صوبہ خیبر پختونخوا میں بھی شہری انٹرنیٹ اور سماجی رابطے کی ویب سائٹس کے مکمل طور پر فعال نہ ہونے کی شکایات کر رہے ہیں۔ ہزارہ ڈویژن کے ضلع مانسہرہ، ایبٹ آباد اور ہری پور میں انٹرنیٹ سروسز متاثر ہیں۔

انٹرنیٹ کی سست روی پر پی ٹی اے اور وزارت داخلہ موقف دینے سے گریزاں 

اُردو نیوز نے اتوار کے روز ملک کے مختلف شہروں میں انٹرنیٹ سروس متاثر ہونے کی وجوہات جاننے کے لیے وزارت داخلہ اور پی ٹی اے کا مؤقف جاننے کی کوشش کی لیکن دونوں متعلقہ محکموں نے کوئی جواب نہیں دیا۔

تاہم ذرائع نے یہ بتایا ہے کہ پی ٹی آئی کے اسلام آباد میں ہونے والے جلسے کے سبب انٹرنیٹ سروسز کوسست کیا گیا ہے جس کا ایک مقصد جلسہ گاہ کی سکیورٹی کو بھی فل پروف بنانا ہے۔

پولیس کو جلسے کے مقام سے ایک مشکوک بیگ ملا تھا۔ فوٹو: اسلام آباد پولیس

ان کا کہنا تھا کہ آج علی الصبح سنگجانی اسلام آباد سے ایک مشکوک بیگ سے ہینڈ گرنیڈ، ڈیٹونیٹرز اور بارودی مواد برآمد ہوا ہے جس کے بعد سکیورٹی انتظامات کو مزید مؤثر بنانے کا فیصلہ کرتے ہوئے مخصوص علاقوں میں انٹرنیٹ سروسز سست کی گئی ہیں۔ 

انٹرنیٹ کی سست روی جلسہ ناکام بنانے کی کوشش ہے، پی ٹی آئی

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شعیب شاہین نے انٹرنیٹ کی سست روی کو جلسے کو ناکام بنانے کی ایک کوشش قرار دیا ہے۔

اُنہوں نے اردو نیوز کو بتایا ’ہمیں اس بارے میں کوئی شبہ نہیں کہ حکومت نے انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا ایپس کو متاثر کر کے ہمارا جلسہ ناکام بنانے کی کوشش کی ہے۔‘

اُنہوں نے سیکورٹی وجوہات کی بنیاد پر انٹرنیٹ سروسز متاثر ہونے کے امکانات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد میں دہشت گردی کا خطرہ نہیں ہے، ’ہم حکومت کے اس دعوے کو مسترد کرتے ہیں۔ حکومت کو جلسہ متاثر کرنے کے تمام اقدامات میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا۔‘


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US