پولیس اور پی ٹی آئی کارکنان کے درمیان تصادم، پولیس افسر سمیت متعدد اہلکار زخمی

image
اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف کے جلسے کے دوران پولیس اور کارکنان کے درمیان 26 نمبر چونگی کے مقام پر تصادم ہوا ہے جس کے نیتجے میں ایس ایس پی سیف سٹی سمیت پولیس کے متعدد اہلکار زخمی ہو گئے ہیں۔

اسلام آباد پولیس کے ترجمان کے مطابق صورتحال پر قابو پانے کے لیے ایف سی کو طلب کیا گیا جس کے بعد پی ٹی آئی کارکنان منتشر ہوئے۔

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کی قیادت نے پولیس کی جانب سے شیلنگ اور کارکنان پر تشدد کا الزام عائد کیا ہے۔

 اسلام آباد پولیس کے ترجمان اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ 26 نمبر چونگی پر جلسے میں آنے والے پی ٹی آئی کارکنوں کی جانب سے جاری کردہ روٹ کی خلاف ورزی کی گئی۔ پولیس کے روکنے پر جلسے کے شرکا نے پتھراؤ کیا۔

پولیس ترجمان کے مطابق پی ٹی آئی کارکنوں کی جانب سے پولیس موبائل اور پولیس وین پر بھی حملہ کیا گیا ہے۔

پی ٹی آئی کارکنوں کے پتھراؤ سے متعدد پولیس اہلکار زخمی ہوگئے جبکہ پولیس کی جانب سے بھی جوابی شیلنگ کی گئی۔

پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ روٹ کی خلاف ورزی کرکے آنے والے شرکا نے پولیس اہلکاروں پر شدید پتھراؤ کیا۔ پتھراؤ سے ایس ایس پی سیف سٹی اور متعدد پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے رہنما زلفی بخاری نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ اسلام آباد میں ہونے والے پر امن جلسے میں شریک کارکنان پر پولیس کی جانب سے شیلنگ اور اُنہیں تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔

اُن کا کہنا تھا کہ ہمیں پہلے جلسے کی اجازت دی گئی تاہم جب بڑی تعداد میں کارکنان نکلنا شروع ہوئے تو راستوں کو بند کر دیا گیا بعد ازاں جلسے کے دورن پولیس نے شیلنگ اور کارکنان پر تشدد کیا۔

 وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پی ٹی آئی کارکنان کی جانب سے پولیس پر پتھراؤ کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی اسلام آباد پولیس سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے زخمی ایس ایس پی شعیب خان سے ٹیلیفونک رابطہ بھی کیا اور ان کی خیریت دریافت کی۔ وزیر داخلہ نے ہدایت کی ہے کہ زخمی پولیس اہلکاروں کو علاج معالجے کے لیے ی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔

خیال رہے کہ اسلام آباد انتظامیہ کی جانب سے آج پی ٹی آئی کو جلسے کی مشروط اجازت دی گئی تھی جس کے تحت جلسہ شام 7 بجے تک ختم کرنا تھا۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق جلسہ منتظمین نے این او سی کے قواعد و ضوابط کیخلاف ورزی کی ہے۔ جس کے بعد پولیس کو کارروائی کے احکامات جاری کردیے ہیں اور جلسہ منتظمین کو بھی کارروائی سے متعلق آگاہ کردیا گیا ہے۔

ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ اسلام آباد نے صدر پی ٹی آئی اسلام آباد عامر مغل کو اس حوالے سے لیٹر جاری کرتے ہوئے جلسہ گاہ فوری خالی کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US