ڈی آئی خان میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی، 10 عسکریت پسند ہلاک: آئی ایس پی آر

image
پاکستان کی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے 10 عسکریت پسندوں کو ہلاک کر دیا۔

فائرنگ کے تبادلے میں پاکستان کی فوج کے کیپٹن حسنین اختر بھی جان سے چلے گئے۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سکیورٹی فورسز نے جمعرات کو شدت پسندوں کی موجودگی کی اطلاع پر صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن کیا۔

بیان کے مطابق آپریشن کے دوران فوجی دستوں نے شدت پسندوں کے ٹھکانے کو گھیرے میں لے کر مؤثر طریقے سے کارروائی کی، جس کے نتیجے میں تمام 10 عسکریت پسند مارے گئے۔

آئی ایس پی آر کے بیان میں بتایا گیا ہے کہ ’شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران کیپٹن حسنین اختر نے، جو دستوں کی قیادت کر رہے تھے، بہادری سے لڑتے ہوئے، جان کی قربانی دے دی۔‘

بیان میں مزید کہا گیا کہ ’کیپٹن حسنین ایک بہادر افسر تھے اور گذشتہ آپریشنز کے دوران اپنی دلیرانہ اور جرات مندانہ کارروائیوں کے لیے جانے جاتے تھے۔‘

بیان کے مطابق آپریشن کے دوران مارے گئے عسکریت پسندوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔ جو قانون نافذ کرنے والے اداروں کے خلاف متعدد کارروائیوں کے علاوہ معصوم شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں بھی سرگرم رہے۔

آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ ’علاقے میں پائے جانے والے دیگر شدت پسند کو ختم کرنے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن کیا جا رہا ہے۔ ’پاکستان کی سکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پُرعزم ہیں اور ہمارے بہادر جوان افسران کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔‘

 


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Get Alerts