سکیورٹی خدشات، پاکستان ایشیا کپ کے لیے ہاکی ٹیم کو انڈیا نہیں بھیجے گا

image
انڈیا میں ہونے والے ٹورنامنٹس میں شرکت کے لیے پاکستان اپنی ہاکی ٹیم نہیں بھیجے گا۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق حکومت پاکستان نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ انڈیا میں آئندہ ہونے والے ہاکی ٹورنامنٹس کے لیے ٹیم نہیں بھیجے گا۔

خبر کے مطابق فیصلے کی وجہ سکیورٹی خدشات ہیں جو ممکنہ طور پر پاکستان کی آئندہ سال ہونے والے ورلڈ کپ میں شرکت کو خطرے میں ڈال سکتے ہیں۔

یاد رہے کہ ایٹمی طاقت کے حامل ان دونوں پڑوسی ممالک کے درمیان حالیہ عرصے میں کشیدگی عروج پر پہنچ گئی تھی۔ مئی میں چار روز تک جاری رہنے والی اس جھڑپ کے دوران 70 کے قریب افراد ہلاک ہوئے تھے۔

انڈیا میں رواں برس اگست اور ستمبر میں ہونے والے ایشیا کپ میں پاکستان نے شرکت کرنا تھی جس کے لیے ہاکی فیڈریشن نے حکومت سے اجازت طلب کی تھی۔

وزارت بین الصوبائی رابطہ کے ایک ذریعے نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر اے ایف پی کو بتایا کہ ’حالیہ جنگ کے بعد ہمارے کھلاڑیوں کی سکیورٹی اور سلامتی خطرے میں ہوگی۔‘

ذرائع کے مطابق پاکستان نومبر میں انڈیا میں ہونے والے جونیئر ورلڈ کپ میں بھی شرکت نہیں کرے گا۔

تین اولمپک طلائی تمغوں اور چار عالمی ٹائٹل جیتنے والا اور ماضی میں انٹرنیشنل ہاکی میں نمایاں مقام رکھنے والا پاکستان اب عالمی درجہ بندی میں پندرہویں نمبر پر ہے۔

ایشیا کپ میں شرکت نہ کرنے کی صورت میں پاکستان کے لیے آئندہ سال نیدرلینڈز اور بیلجیئم میں ہونے والے سینیئر ورلڈ کپ میں جگہ بنانا مشکل ہو جائے گا۔

پاکستان نومبر میں انڈیا میں ہونے والے جونیئر ورلڈ کپ میں بھی شرکت نہیں کرے گا (فائل فوٹو: اے ایف پی)

ایک دوسرے حکومتی ذریعے نے بھی اے ایف پی کے ساتھ بات کرتے ہوئے اس فیصلے کی تصدیق کی، تاہم دوسری جانب پاکستان کے دفتر خارجہ نے اس حوالے سے اے ایف پی کی درخواست پر تاحال کوئی تبصرہ نہیں کیا۔

یاد رہے کہ انڈیا نے سنہ 2008 کے ممبئی حملوں کے بعد پاکستان کے ساتھ تمام دوطرفہ کھیلوں کے تعلقات معطل کر دیے تھے، ان حملوں کا الزام انڈیا نے سرحد پار موجود شدت پسندوں پر لگایا تھا۔

کرکٹ اس پابندی سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا کھیل رہا ہے اور دونوں ممالک اب صرف انٹرنیشنل ایونٹس میں ہی ایک دوسرے کا سامنا کرتے ہیں۔

یاد رہے کہ رواں برس انڈیا نے چیمپئنز ٹرافی کے لیے پاکستان کا دورہ کرنے سے انکار کر دیا تھا جس کے باعث فائنل سمیت انڈیا کے میچز کا انعقاد دبئی میں ہوا تھا۔

جوابی اقدام کے طور پر پاکستان نے بھی فیصلہ کیا ہے کہ وہ اپنی خواتین کرکٹ ٹیم کو رواں سال انڈیا میں ہونے والے ون ڈے ورلڈ کپ اور 2026 کے ٹی20 ورلڈ کپ کے لیے نہیں بھیجے گا۔

اس کے بجائے پاکستان کی ٹیمیں یہ میچز سری لنکا یا پھر کسی نیوٹرل وینیو میں کھیلیں گی۔

پاکستان کی ہاکی ٹیم نے آخری بار سنہ 2023 میں انڈیا کا دورہ کیا تھا جہاں وہ ایشیئن چیمپئنز ٹرافی میں چھ ٹیموں میں سے پانچویں نمبر پر رہی تھی۔

 


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Get Alerts