آسٹریلیا کے آل راؤنڈر کیمرون گرین انڈین پریمیر لیگ کی تاریخ میں سب سے زیادہ مہنگے غیر ملکی پلیئر بن گئے ہیں۔
منگل کے دن ابوظہبی میں ہونے والے آکشن میں کیمرون گرین دو کروڑ انڈین روپے کی بیس پرائس پر آکشن میں شامل تھے لیکن حیران کن طور پر کلکتہ نائٹ رائیڈرز نے ان کو 25.2 کروڑ انڈین روپے پر خریدا۔
آئی پی ایل میں کسی بھی غیر ملکی پلیئر کے لیے سب سے زیادہ رقم دی گئی ہے۔ گرین کو 25.2 کروڑ میں سے 18 کروڑ ملیں گے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ نے آئی پی ایل میں نیا قانون بنایا ہے کہ اگر کسی بھی غیر ملکی پلیئر کو 18 کروڑ سے زیادہ رقم پر خریدا جاتا ہے تو اس سے اوپر جو بھی رقم ہوگی وہ بی سی سی آئی پلیئرز کی فلاح بہبود کے فنڈ کے لیے اپنے پاس رکھے گا۔
اگلے سال آئی پی ایل اور پاکستان سپر لیگ کا آپس میں پھر ٹکراؤ ہوگا کیونکہ آئی پی ایل کی بھی تاریخوں کا اعلان ہوگیا ہے اور وہ 26 مارچ سے 30 مئی تک کھیلا جائے گا جبکہ پی ایس ایل 26 مارچ سے لے کر تین مئی تک کھیلا جائے گا۔ عام طور پر جو کھلاڑی آئی پی ایل کے منی آکشن میں نہیں خریدے گئے ان میں سے بہت سارے کھلاڑی پی ایس ایل کا رخ کرتے ہیں۔
آج منی اکشن کے پہلے دن کافی نامور کھلاڑی اب تک نہیں خریدے گئے جن میں انگلینڈ کے لیا ہم لونگسٹن جانی برسٹور افغانستان کے رحمن اللہ گرباز ساؤتھ افریقہ کے وائن ملڈر نیوزی لینڈ کے رچن روندرا شامل ہیں۔