پاکستان کے مقبول ترین اور دنیائے کرکٹ کے تیز ترین بالرز میں شمار ہونے والے شعیب اختر بنگلادیش پہنچ گئے ہیں، جہاں وہ پہلی دفعہ کسی بھی غیر ملکی ٹی ٹوئنٹی لیگ میں سپورٹ اسٹاف کے طور پر کام کریں گے۔ شعیب اختر کو ڈھاکا کیپیٹلز کی ٹیم نے مینٹور کے طور پر لیا ہے۔
شعیب اختر جو اپنی صاف سیدھی باتوں کی وجہ سے کرکٹ اینلسٹ کے طور پر بہت مقبول ہیں، ڈھاکا پہنچنے کے بعد انہوں نے ایک پریس کانفرنس میں آج یہ بات واضح کی کہ وہ چاہتے ہیں کہ وہ نوجوان فاسٹ بالرز کو اپنے تجربے کا اور فاسٹ بالنگ کی معلومات کا فائدہ پہنچا سکیں۔
شعب اختر نے بنگلا دیشی ٹیم کے فاسٹ بالرز تسکین احمد اور ناہید رانا کا خصوصی طور پر ذکر کیا اور کہا کہ ان دونوں نوجوانوں میں تیز ترین بالرز بننے کی پوری صلاحیت ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ کافی عرصہ کے بعد بنگلا دیش کا دورہ کر رہے ہیں اور بنگلا دیش پریمیئر لیگ کا حصہ بن کر خوشی ہوئی ہے۔
بنگلا دیش پریمیئر لیگ میں اس دفعہ 10 سے 12 پاکستانی کھلاڑیوں کو حصہ لینے کی اجازت دی گئی ہے جن میں پاکستان ٹیم کے محمد نواز، صائم ایوب، ابرار احمد، صاحبزادہ فرحان، احسان اللہ، محمد حارث، حسین طلت وغیرہ شامل ہیں۔
پاکستانی کرکٹ شائقین کئی بار پاکستان کرکٹ بورڈ سے مطالبہ کرچکے ہیں کہ شعیب اختر کو بھی پاکستان ٹیم کا کوچ بنا کر آزمانا چاہیے۔