پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان کے ٹیسٹ کپتان شان مسعود کو اضافی ذمہ داریاں دینے کے اپنے منصوبے کو فی الحال موخر کر دیا ہے۔ گزشتہ عرصے میں پی سی بی نے شان مسعود کو بورڈ میں کنسلٹنٹ انٹرنیشنل کرکٹ افیئرز اور پلیئرز افیئرز بنانے کی پیشکش کی تھی جس پر شان نے غور کے لیے وقت مانگا تھا۔
دونوں جانب سے حال ہی میں ہونے والی بات چیت کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا کہ شان مسعود کے لیے ٹیم کی ٹیسٹ کپتانی کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی کرکٹ معاملات کو سنبھالنا مشکل ہوگا۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ 2026 اور 2027 میں پاکستان کو ورلڈ ٹیسٹ چیمپین شپ کے کئی اہم میچز کھیلنے ہیں اور شان نے بورڈ کو بتایا کہ وہ چاہتے ہیں کہ وہ اور دیگر کھلاڑی اس سائیکل میں پاکستان کو فائنل تک پہنچانے کے لیے مکمل طور پر کرکٹ پر توجہ مرکوز کریں۔
بات چیت کے بعد پی سی بی نے فیصلہ کیا کہ شان مسعود کو اپنی کرکٹ پر مکمل توجہ دینے کا موقع دیا جائے گا۔ اس فیصلے کے بعد عثمان والا، جو پہلے بین الاقوامی کرکٹ کے معاملات دیکھ رہے تھے کو حال ہی میں پاکستان سپر لیگ سیکرٹریٹ میں منتقل کر دیا گیا ہے۔