کیمرون گرین آئی پی ایل کی تاریخ کے تیسرے سب سے مہنگے کھلاڑی ہیں۔ سنہ 2025 کی بولی میں انڈین وکٹ کیپر رشبھ پنت کو 27 کروڑ انڈین روپوں میں لکھنؤ سپر جائنٹس نے خریدا تھا۔ انڈین بلے باز شریاس ایئر کو پنجاب کنگز نے 26 کروڑ 75 لاکھ روپے میں سائن کیا تھا۔
آسٹریلیا کے آل راؤنڈر کیمرون گرین، 28 لاکھ ڈالرز تقریباً 25 کروڑ انڈین روپوں کے ساتھ انڈین پریمیئر لیگ (آئِی پی ایل) کی تاریخ کے سب سے مہنگے غیر ملکی کھلاڑی بن گئے ہیں۔ اُنھیں کولکتہ نائٹ رائیڈرز نے خریدا ہے۔
اس سے قبل سنہ 2024 میں کولکتہ نائٹ رائیڈرز نے ہی راجستھان رائلز اور چنئی سپر کنگز کے ساتھ سخت مقابلے کے بعد آسٹریلیا کے تیز بولر مچل سٹارک کو 24 کروڑ 75 لاکھ انڈین روپوںمیں اپنی ٹیم کا حصہ بنایا تھا۔
مجموعی طور پر گرین آئی پی ایل کی تاریخ کے تیسرے سب سے مہنگے کھلاڑی ہیں۔ سنہ 2025 کی بولی میں انڈین وکٹ کیپر رشبھ پنت کو 27 کروڑ انڈین روپوں میں لکھنؤ سپر جائنٹس نے خریدا تھا۔ انڈین بلے باز شریاس ایئر کو پنجاب کنگز نے 26 کروڑ 75 لاکھ روپے میں سائن کیا تھا۔
26 سالہ کیمرون گرین، آئی پی ایل میں ممبئی انڈینز اور رائل چیلنجرز بنگلورو کے لیے کھیل چکے ہیں۔ وہ آئی پی ایل کے 29 میچز میں 150 سے زائد کے سٹرائیک ریٹ سے 707 رنز اور 16 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔
طویل قامت، آسٹریلوی آل راؤنڈر اپنے کریئر میں کمر کی تکلیف کی وجہ سے مشکلات کا شکار رہے ہیں اور وہ 2025 میں آئی پی ایل کھیلنے سے محروم رہے تھے۔
وہ جون میں ایک ماہر بلے باز کے طور پر ایکشن میں واپس آئے لیکن انگلینڈ کے خلاف جاری ایشز سیریز میں آسٹریلیا کی جانب سے اُنھیں آل راؤنڈر کے طور پر کھلایا جا رہا ہے۔
آئی پی ایل کی نیلامی میں مجموعی طور پر 18 انگلش کھلاڑی شامل ہیں۔ انگلش اوپنر بین ڈکٹ کو دو کروڑ انڈین روپوں میں دہلی کیپیٹلز نے خریدا ہے۔
سنہ 2026 کے آئی پی ایل ایڈیشن کے لیے بولی کا اہتمام منگل کو ابو ظہبی کے اتحاد ایرینا میں کیا گیا تھا جبکہ اسے براہ راست انڈیا میں نشر کیا گیا۔
انڈین کرکٹ بورڈ کے مطابق نیلامی میں مجموعی طور پر 359 کھلاڑی ہیں، جن میں سے 246 انڈین اور 113 غیر ملکی ہیں۔
آئی پی ایل قوانین کے مطابق ہر ٹیم زیادہ سے زیادہ 25 کھلاڑیوں کے سکواڈ کا اندراج کر سکتی ہے، ہر ٹیم میں غیر ملکی کھلاڑیوں کی تعداد آٹھ تک محدود ہے۔
آئی پی ایل 2026 کی نیلامی میں فروخت ہونے والے پہلے کھلاڑی جنوبی افریقہ کے بلے باز ڈیوڈ ملر تھے۔
نیلامی کا آغاز آسٹریلوی کرکٹر جیک فریزر میک گرک سے ہوا جو فروخت نہ ہو سکے۔ اس کے بعد جنوبی افریقی بلے باز ڈیوڈ ملر کو دہلی کیپٹلز نے دو کروڑ انڈین روپوں میں خریدا۔
انڈین کرکٹر پرتھوی شاہ، نیوزی لینڈ کے ڈیون کانوے اور انڈین بلے باز سرفراز خان کو بھی کسی ٹیم نے نہیں خریدا۔
سری لنکا کے فاسٹ بولر متھیشا پاتھیرانا 18 کروڑ میں فروخت
سری لنکا کے فاسٹ بولر متھیشا پاتھیرانا کو کولکتہ نائٹ رائیڈرز نے آئی پی ایل 2026 کی نیلامی میں 18 کروڑ روپے میں خریدا۔
آئی پی ایل کی نیلامی میں فاسٹ بولرز کی فہرست میں نیوزی لینڈ کے جیکب ڈفی کو رائل چیلنجرز بنگلور (آر سی بی) نے 2 کروڑ روپے میں خریدا ہے۔
جنوبی افریقن بولر اینریچ نوکھیا کو لکھنؤ سپر جائنٹس نے 2 کروڑ انڈین روپوں میں خریدا ہے۔
ان کے علاوہ نیوزی لینڈ کے میٹ ہنری، بھارت کے آکاش دیپ اور شیوم ماوی، جنوبی افریقہ کے جیرالڈ کوٹزی، آسٹریلیا کے سپینسر جانسن اور افغانستان کے فضل الحق فاروقی فروخت نہ ہو سکے۔
کون کتنے میں فروخت ہوا؟
انڈین پریمیئر لیگ کے مطابق بنگلہ دیش کے فاسٹ بولر مستفیض رحمان نو کروڑ، 20 لاکھ انڈین روپوں میں فروخت ہوئے۔ اُنھیں کولکتہ نائٹ رائیڈرز نے اپنی ٹیم میں شامل کیا۔
ویسٹ انڈیز کے جیسن ہولڈر کو گجرات ٹائٹنز نے سات کروڑ روپوں میں خریدا، سری لنکا کے پاتھورم نسانکا کو دہلی کیپیٹلز نے چار کروڑ روپوں میں سائن کیا۔
کارتک شرما کو چنئی سپر کنگز نے 14 کروڑ 20 لاکھ روپے میں خریدا۔ انڈین سپنر روی بشنوئی کو سات کروڑ، 20 لاکھ روپے میں خریدا۔
’اُمید ہے کہ پی ایس ایل میں بھی کچھ نیا ہو گا‘
ابوظہبی میں ہونے والی اس نیلامی پر کئی پاکستانیوں کی بھی نظریں تھیں اور اس معاملے پر پاکستانی صارفین بھی سوشل میڈیا پر اپنی آرا کا اظہار کر رہے ہیں۔
ہمیشہ کی طرح، آئی پی ایل اور پی ایس ایل کا موازنہ کیا جا رہا ہے۔ تاہم کچھ صارفین کا کہنا ہے کہ انڈیا آبادی کے لحاظ سے بہت بڑا ملک ہے، لہذا اس کی کرکٹ لیگ کا پاکستان سپر لیگ کے ساتھ موازنہ نہیں بنتا۔
کیمرون گرین کے لیے آئی پی ایل فرنچائزز کے درمیان ہونے والے مقابلے پر تبصرہ کرتے ہوئے پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز ملتان سلطانز کے سابق مالک علی ترین نے کہا کہ ’یہ مقابلہ دیکھ کر بہت اچھا لگا۔‘
علی ترین نے پی ایس ایل انتظامیہ پر طنز کرتے ہوئے لکھا کہ اُمید ہے کہ پی ایس ایل میں بھی صرف ہیش ٹیگز کے بجائے، اس مرتبہ کچھ نیا ہو گا۔
خیال رہے کہ علی ترین نے، پی ایس ایل انتظامیہ کے ساتھ اختلافات کی وجہ سے رواں برس ملتان سلطانز کی ملکیت چھوڑ دی تھی۔
پی ایس ایل کے معاملات پر تنقید کی وجہ سے اُنھیں ایک قانونی نوٹس بھی بھیجا گیا تھا، جسے اُنھوں نے پھاڑ دیا تھا۔
سپورٹس جرنلسٹ عمر فاروق کالسن لکھتے ہیں کہ کیمرون گرین 28 لاکھ ڈالرز میں فروخت ہوئے ہیں۔ ’ہم اس کا موازنہ پی ایس ایل کے ساتھ نہیں کر سکتے۔ اتنے میں پی ایس ایل کی دو فرنچائز اپنی ٹیمیں بنا لیتی ہیں۔‘
عبداللہ نامی صارف لکھتے ہیں کہ پی ایس ایل کو آئی پی ایل کا مقابلہ کرنے کے لیے بہت طویل سفر طے کرنا ہے۔ ’سب سے پہلے پیسے والے سرمایہ کاروں کو لانے کی ضرورت ہے اور بہتر ہے کہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کو لایا جائے۔‘
مصطفی نامی صارف لکھتے ہیں کہ پی ایس ایل ہو یا کوئی دوسری لیگ، یہ آئی پی ایل کا مقابلہ نہیں کر سکتی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کو اپنا ماڈل تبدیل کرنا ہو گا، ورنہ یہ کہانی ختم ہو جائے گی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق پاکستان سپر لیگ کا 26 مارچ سے دو مئی تک کھیلی جائے گی، جبکہ ملتان سلطانز سمیت دو نئی ٹیموں کے لیے بولی کا انعقاد آٹھ جنوری کو کیا جائے گا۔