پاکستان کے مایہ ناز نیزہ باز اور پہلے ایتھلیٹکس چیمپئن ارشد ندیم اور انڈیا کے مشہور ایتھلیٹ نیرج چوپڑا ایک بار پھر مدمقابل آئیں گے۔ یہ سنسنی خیز مقابلہ آئندہ ماہ اگست میں پولینڈ میں ہونے والی عالمی ایتھلیٹکس مقابلوں کی مشہور سیریز ’وانڈا ڈائمنڈ لیگ‘ میں ہوگا جس کا اعلان اولمپکس کی ویب سائٹ پر کر دیا گیا ہے۔گزشتہ برس پیرس میں اولمپکس کے بعد یہ پہلا موقع ہے جب ارشد ندیم اور نیرج چوپڑا ایک دوسرے کے سامنے آئیں گے۔اس مقابلے میں ارشد ندیم نے نہ کہ صرف طلائی تمغہ جیتا تھا بلکہ 92.97 میٹر لمبی جیولین پھینک کر نیا اولمپکس ریکارڈ بھی قائم کیا تھا جبکہ اس مقابلے میں نیرج چوپڑا دوسرے نمبر پر رہے تھے۔ڈائمنڈ لیگ دنیا کے نامور کھلاڑیوں کے درمیان دوڑ، چھلانگ، جیولین پھینکنے اور اسی طرح کی دوسرے کھیلوں کے مقابلے منعقد کرتی ہے۔ رواں سال یہ مقابلہ پولینڈ کے شہر سیلیشیا میں 16 اگست کو منعقد ہوگا۔ایونٹ کے منتظمین کے مطابق ’نیرج چوپڑا ارشد ندیم کے مدمقابل ہوں گے جبکہ انڈین اور پاکستانی کھلاڑیوں کے درمیان ہونے والا یہ ٹاکرا شائقین کے لیے ایک خاص کشش بھی رکھتا ہے کیونکہ پیرس اولمپکس کے بعد پہلا موقع ہوگا جب دونوں آمنے سامنے ہوں گے۔‘نیرج چوپڑا نے رواں سال شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ انہوں نے جنوبی افریقہ میں پوچ انویٹیشنل مقابلے میں فتح حاصل کی پھر دوحہ ڈائمنڈ لیگ میں دوسرا نمبر حاصل کیا جہاں انہوں نے 92.23 میٹر دور جیولین پھینک کر انڈیا کا نیا قومی ریکارڈ قائم کیا۔بعد ازاں پولینڈ میں جانوش کوسوسنسکی میموریل میں وہ پھر دوسرے نمبر پر رہے اور پھر پیرس ڈائمنڈ لیگ میں فتح حاصل کر کے شاندار کارکرگی کا مظاہرہ کیا۔ اس کے بعد وہ چیک جمہوریہ میں اوسٹرووا گولڈن سپائک اور ’این سی کلاسک انڈیا‘ میں بھی فاتح رہے۔
ارشد ندیم نے کوریا کے شہر گومی میں ہونے والی ’ایشین ایتھلیٹکس چیمپیئن شپ‘ میں طلائی تمغہ جیتا (فائل فوٹو: اے یف پی)
دوسری جانب ارشد ندیم نے حال ہی میں کوریا کے شہر گومی میں ہونے والی ’ایشین ایتھلیٹکس چیمپیئن شپ‘ میں طلائی تمغہ جیت کر میدان میں زبردست واپسی کی۔ وہ پیرس اولمپکس کے بعد سے اب تک کسی عالمی مقابلے میں شریک نہیں ہوئے تھے۔
پاکستان اور انڈیا کے درمیان کھیلوں کی دنیا میں رقابت ہمیشہ سے ہی دلچسپی کا مرکز رہی ہے لیکن اس بار اس مقابلے کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے کیونکہ حال ہی میں دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی عروج پر رہی ہے۔رواں برس مئی میں ہونے والی ایک جھڑپ کے دوران دونوں ممالک نے میزائل، ڈرونز اور لڑاکا جہازوں کی مدد سے ایک دوسرے پر متعدد حملے کیے جس کے نتیجے میں کئی اموات بھی ہوئی تھیں۔اس صورت میں نیرج چوپڑا اور ارشد ندیم کے درمیان مقابلہ کھیلوں میں دلچسپی لینے والے افراد کے علاوہ دونوں ممالک کی کروڑوں نفوس پر مشتمل عوام کے لیے بھی بھی توجہ کا مرکز ہو گا۔