سات ارب ڈالر پروگرام، آئی ایم ایف نے پاکستان کی کارکردگی کو مستحکم قرار دے دیا

image

پاکستان میں عالمی مالیاتی ادارے آئی ایم ایف کے نمائندے ماہر بینیجی نے پاکستان کی اقتصادی استحکام کی رفتار کو حوصلہ افزا قرار دیا ہے۔

اے پی پی کے مطابق اسلام آباد میں قائم سسٹین ایبل ڈویلپمنٹ پالیسی انسٹیٹیوٹ میں لیکچر دیتے ہوئے ماہر بینیجی نے کہا کہ سات ارب ڈالر کے قرض پروگرام کے تحت اسلام آباد کی کارکرگی ’اب تک کافی مضبوط‘ ہے۔

انہوں نے اپنے لیکچر میں مشرق وسطیٰ، شمالی افریقہ اور پاکستان میں ابھرتے ہوئے اقتصادی منظرنامے پر بھی روشنی ڈالی۔

انہوں نے 2025 کے دوران اور اس کے بعد بھی ان خطوں میں معاشی ترقی کے مزید مستحکم ہونے کی توقع ظاہر کی۔

تاہم ساتھ انہوں نے یہ بھی کہا کہ تجارتی کشیدگیوں میں اضافے اور اس کے تدارک کے لیے عالمی سطح پر کمزور تعاون غیریقینی کی صورت حال کو بھی بڑھا رہا ہے اس لیے ایسے وقت میں دانش مندانہ پالیسی اپنانے اور دوراندیش قسم کے اقدامات کی ضرورت ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستان کی کارکردگی تاحال بہتر رہی ہے اور ابتدائی طور پر ہونے والے پالیسی اقدامات سے میکرو اکنامک استحکام اور سرمایہ کاروں کے اعتماد کی بحالی میں مدد ملی ہے۔

ماہر بینیجی نے یہ بھی کہا کہ نجی شعبے کی قیادت میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے، ٹیکس نظام اور کاروباری ماحول کو بہتر بنانے کی اصلاحات پاکستان کی معاشی پائیداری کے لیے بہت اہمیت کی حامل ہیں۔

انہوں نے ملک کے شعبہ ماحولیات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس ضمن میں ہونے والی اصلاحات سے نہ صرف پاکستان کا ماحولیاتی نظام بہتر بنے گا بلکہ ان سے گرین انویسٹمنٹ کی راہ بھی ہموار ہو گی۔

پاکستان 2023 کے وسط میں آئی ایم ایف کی جانب سے تین ارب ڈالر کی دی گئی سہولت کی بدولت ڈیفالٹ سے بچ گیا تھا۔ اور پچھلے برس ستمبر میں اہداف کو پورا کرنے کے بعد سات ارب ڈالر کا پروگرام حاصل کیا تھا۔

 


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Get Alerts