پاکستان سےبرطانیہ کو براہ راست پروازیں 5 سال بعد بحال ،کتنا وقت بچے گا ؟

image

برطانیہ نے پاکستان سے فضائی پروازوں پر ایئر سیفٹی کے حوالے سے عائد پابندی ہٹادی ہے جس کے بعد پاکستان سے برطانیہ کو براہ راست پروازیں تقریباً 5 سال بعد بحال ہوجائیں گی۔

برطانیہ کے لیے پاکستان سے پروازوں پر 2020 میں پی آئی اے کی جہاز کریش ہونے اور پائلٹس کے حوالے سے منفی رپورٹ سامنے آنے کے بعد پابندی لگائی گئی تھی۔

برطانوی ہائی کمشنر جان میریٹ نے پاکستانی پروازوں پر پابندی ہٹنے کا باضابطہ اعلان کردیا ہے۔ برطانوی ہائی کمشنر کے مطابق پابندی اٹھانے کا فیصلہ پاکستان اور برطانوی ایئر سیفٹی ریگولیٹرز کے درمیان مسلسل کوششوں کے بعد کیا جارہا ہے۔

واضح رہے یورپ کے لیے فلائٹس بھی رواں سال تقریباً ساڑھے چار بعد بحال ہوگئی ہیں جب کہ امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ امریکا کی جانب سے بھی پابندی ہٹانے کا امکان ہے۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے برطانوی ایئر سیفٹی بورڈ کی جانب سے پاکستانی پروازوں پر عائد پابندی کے خاتمے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے لیڈران کے غیر ذمہ دارانہ بیانات کی وجہ سے ماضی میں پاکستانی پروازوں پر پابندیاں لگیں اور ملکی ساکھ کو نقصان پہنچا۔

وزیراعظم نے کہا کہ برطانیہ کی جانب سے پاکستانی پروازوں پر عائد پابندیوں کا ختم ہونا برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کے لیے باعث اطمینان ہے، انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان پی آئی اے کی پروازوں کا دوبارہ آغاز ملک کے لیے ایک اہم سنگ میل ہے۔ وزیراعظم نے پاکستانی پروازوں پر عائد پابندی کے خاتمے کے لیے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، وزارت دفاع اور ایوی ایشن ڈویژن کی کاوشوں کی پزیرائی کی۔

پاکستان اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹرز ایسوسی ایشن کے سینئر نائب صدر عدنان پراچہ نے "ہماری ویب" سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے مابین براہ راست فلائٹس سے مسافروں کا وقت بچے گا اور ٹکٹ بھی سستے ہوں گے، انہوںنے کہا کہ براہ راست پروازوں سے چار سے پانچ گھنٹے کا وقت کم لگے گا جب کہ لنک فلائٹس سے چونکہ فاصلہ بڑھ جاتا ہے اس لیے زیادہ اخراجات کا اثر ٹکٹ کی صورت میں بھی سامنے آتا ہے، انہوں نے کہا کہ برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کو اس سے فائدہ ہوگا۔

پاکستانی فضائی کمپنیوں پر برطانوی پابندیوں کے خاتمے پر قومی ائیر لائن کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ پی آئی اے ایک بار پھر سے برطانیہ کی فضاؤں میں اڑان بھرنے کے لیے پُر عزم ہے، پی آئی اے کم سے کم وقت میں برطانیہ کے لیے پروازیں چلانے کی تیاری مکمل کر رہی ہے اور اس ضمن میں شیڈول فائل کیا جارہا ہے، پی آئی اے کے مطابق برطانوی آپریشن کا باضابطہ آغاز اسلام آباد سے مانچسٹر کی پروازوں سے ہوگا، شیڈول کی منظوری ملتے ہی ابتدائی طور پر ہفتہ وار تین پروازیں چلائی جائیں گی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Get Alerts