راولپنڈی میں مہنگائی بے قابو، پرائس کنٹرول کمیٹیاں منظر سے غائب

image

راولپنڈی میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹ اور سرکاری کمیٹیاں عملی طور پر منظر سے غائب ہوچکی ہیں، جس کے باعث ضلعی انتظامیہ اشیائے ضروریہ کی قیمتیں کنٹرول کرنے میں ناکام نظر آتی ہے۔ شہر بھر میں مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ دی ہے اور سرکاری نرخ نامے صرف کاغذوں تک محدود ہو کر رہ گئے ہیں۔

مارکیٹ ذرائع کے مطابق راولپنڈی میں انڈوں کی قیمت فی درجن 362 روپے تک پہنچ چکی ہے، جبکہ چکن کی فی کلو قیمت 385 روپے ہے۔ مرغی کا گوشت فی کلو 610 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔ اسی طرح چینی فی کلو 170 سے 175 روپے میں دستیاب ہے۔

گوشت کی قیمتوں میں بھی ہوشربا اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ مارکیٹ ذرائع کے مطابق مٹن کی فی کلو قیمت 2500 روپے سے تجاوز کر چکی ہے، جبکہ بیف کی فی کلو قیمت 1600 روپے سے اوپر جا چکی ہے۔ اس کے برعکس سرکاری نرخ نامے کے مطابق مٹن کی قیمت 1600 روپے فی کلو اور بیف کی قیمت 900 روپے فی کلو مقرر ہے۔

عوامی حلقوں نے ضلعی انتظامیہ کی خاموشی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر پرائس کنٹرول نظام کو فعال بنایا جائے اور من مانی قیمتیں وصول کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US