ہفتہ کو ملک گیر ہڑتال ہوگی یا نہیں ؟ کراچی چیمبر ڈٹ گیا، فیڈریشن چیمبر کی مخالفت

image

فنانس بل 2025 میں متنازعہ شقوں کے خلاف کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ اندسٹریز کی قیادت میں ملک بھر کے تاجروں کی جانب سے 19جولائی کو ملک گیر ہڑتال کا فیصلہ کیا گیا جس کی ٹرانسپورٹرز اور ملک کے دیگر چیمبرز اور چھوٹے تاجروں کی ایسوسی ایشنز نے بھی حمایت کا اعلان کیا لیکن منگل کو تاجروں کے وفد کی اسلام آباد میںوفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگ زیب سے ملاقات ہوئی جس کے بعد صورتحال تبدیل ہوگئی اور اتفاق رائے سے ہڑتال کا فیصلہ اختلافات سے دوچار ہوگیا۔

ہڑتال کے فیصلے پر کون قائم ہے ؟

کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز نہ صرف یہ کہ ہڑتال کے فیصلے پر قائم ہے بلکہ شہر کے مختلف علاقوں میں احتجاجی بینیرز بھی آویزاں کردیے ہیں۔ کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (کے سی سی آئی) کے صدر محمد جاوید بلوانی نے ملک گیر ہڑتال کی منسوخی یا التواء سے متعلق تمام افواہوں کو یکسر مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ہفتہ 19 جولائی کو ہونے والی ہڑتال اپنے طے شدہ شیڈول کے مطابق ہی منعقد ہوگی اور کسی بھی صورت میں نہ تو ملتوی کی گئی ہے اور نہ ہی منسوخ ہوگی۔

کراچی چیمبر نے ہڑتال کی حمایت کرنے والی تنظیموں کی فہرست جاری کی ہے جس کے مطابق سائٹ، کورنگی، لانڈھی، نارتھ کراچی، بن قاسم، سائٹ سپر ہائی وے اور فیڈرل بی ایریا ایسوسی ایشنز کے سی سی آئی کے ساتھ کھڑی ہیں، مقامی گڈز ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن، سبزی منڈی ایسوسی ایشن، کباڑی مارکیٹ ایسوسی ایشن نے بھی ہڑتال کی حمایت کا اعلان کیا ہے، پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن، کراچی الیکٹرانک ڈیلرز ایسوسی ایشن، حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز کی بھی حمایت حاصل ہے۔

پاکستان ہوزری مینوفیکچررز، نِٹ ویئر اینڈ سوئیٹر ایکسپورٹرز، ٹیکسٹائل پروسیسنگ ملز اور ریڈی میڈ گارمنٹس ایسوسی ایشنز بھی ہڑتال میں شریک ہوں گے، پاکستان سوپ مینوفیکچررز، پلاسٹک امپورٹرز، یارن مرچنٹس اور فلور ملز ایسوسی ایشنز بھی ہڑتال میں شامل ہوں گے۔

صدر کراچی چیمبرسیلف ایڈہیسیو ٹیپ، مشینری مرچنٹس، ڈینم مینوفیکچررز، آٹو اسپیئر پارٹس ایسوسی ایشنز بھی ہڑتال میںساتھ دیں گے، کراچی ٹائر ڈیلرز، موٹر سائیکل ڈیلرز، شاپ کیپرز ویلفیئر سوسائٹی اقبال شاپنگ سینٹر کی بھی حمایت حاصل ہے۔

ریسٹورینٹ ایسوسی ایشن، انجمن تاجران بولٹن مارکیٹ، موٹر سائیکل اسپیئر پارٹس ایسوسی ایشن، پاکستان ٹی ایسوسی ایشن، آئرن اینڈ اسٹیل مرچنٹس بھی ہڑتال کا حصہ ہوں گے۔ آرام باغ مارکیٹ الائنس، فلیکسبل پیکیجنگ ایسوسی ایشن، صدر، جوڑیا بازار، طارق روڈ، حیدری، کورنگی، ڈی ایچ اے، نشتر روڈ، ملیر، لانڈھی، قائد آباد، اورنگی ٹاؤن و دیگر علاقوں کی مارکیٹوں نے ہڑتال کو سپورٹ کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

ہڑتال کے مخالف کون ہیں؟

فیڈریشن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز اور سرحد چیمبر آف کامرس کی جانب سے باضابطہ طور پر ہڑتال سے لاتعلقی کا اعلان کردیا گیا ہے۔ ہڑتال سے لاتعلقی کرنے والی تاجر تنظیموں کا کہنا ہے کہ حکومت نے ان کے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرادی ہے اس لیے ہڑتال کا کوئی جواز نہیں ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Get Alerts