پاکستان میں قدرتی آفات سے نمٹنے والے ادارے نیشنل ڈیزاسٹر مینیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے آئندہ ہفتے کے دوران متوقع مون سون بارشوں کے باعث مختلف علاقوں میں سیلابی کیفیت پیدا ہونے کا الرٹ جاری کیا ہے۔این ڈی ایم اے کی جانب سے اتوار کو جاری کردہ بیان میں بتایا گیا کہ صوبہ خیبر پختونخوا میں 25 جولائی تک وقفے وقفے سے بارشیں متوقع ہیں جن کے باعث دریائے کابل، سوات، پنجکوڑہ، کالپنی نالہ اور بارہ نالہ میں طغیانی کا خطرہ ہے جبکہ نوشہرہ، مالاکنڈ، سوات، دیر اور بالائی پہاڑی علاقوں میں سیلابی صورت حال اور لینڈ سلائیڈنگ کا امکان ہے۔اس کے علاوہ اسلام آباد اور پنجاب کے مختلف شہروں راولپنڈی، لاہور، سیالکوٹ، فیصل آباد، ملتان، خانیوال، ساہیوال، مظفرگڑھ، کوٹ ادو، تونسہ، راجن پور، بہاولپور اور رحیم یار خان میں شدید بارشیں متوقع ہیں۔این ڈی ایم اے کے مطابق لاہور، راولپنڈی، ملتان اور دیگر شہری علاقوں میں سیلابی صورتحال کا امکان ہے جبکہ نشیبی علاقوں کے زیرِآب آنے کا خطرہ ہے۔ سندھ کے اضلاع بشمول کراچی، حیدرآباد، سکھر، جیکب آباد، ٹھٹھہ، بدین، لاڑکانہ، جامشورو، نواب شاہ اور میرپور خاص میں بھی بارش کا امکان اور شہری علاقوں میں سیلابی صورت حال، سڑکوں، گلیوں اور انڈرپاسز میں پانی جمع ہونے کا خدشہ ہے۔این ڈی ایم اے نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ متعلقہ ادارے صورت حال پر مکمل نظر رکھے ہوئے ہیں اور نقصانات سے بچنے کے لیے بروقت اقدامات کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔اس کے علاوہ شہریوں کو احتیاطی تدابیر بروئے کار لانے کا مشورہ بھی دیا گیا ہے۔این ڈی ایم اے نے شہریوں کو تیز بہاؤ کی صورت میں ندی نالوں، پلوں اور پانی میں ڈوبی سڑکوں سے گزرنے سے گریز کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’ممکنہ سیلابی صورت حال کے پیش نظر نشیبی علاقوں کے مکین قیمتی اشیاء اور اپنے مویشی محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا قبل از وقت بندوبست رکھیں۔‘
محکمہ موسمیات نے پنجاب کے بیش تر اضلاع میں بارشوں اور آندھی کی پیشگوئی ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
’مقامی انتظامیہ اور متعلقہ ادارے فوری نکاسی آب کے لیے ضروری مشینری اور پمپس تیار رکھیں۔ سیلابی علاقوں کے مکین ٹی وی اور موبائل الرٹس کے ذریعے سرکاری اعلانات اور الرٹس سے آگاہ رہیں۔‘
دوسری جانب پنجاب کی صوبائی ڈیزاسٹر مینیجمنٹ اتھارٹی نے بھی کہا ہے کہ ’مون سون بارشوں کا چوتھا سلسلہ کل سے شروع ہو گا اور اس دوران پنجاب کے بیش تر اضلاع میں بارشوں اور آندھی کی پیشگوئی ہے۔‘پی ڈی ایم اے کے مطابق راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، منڈی بہاؤالدین، حافظ آباد، گجرات، جہلم، لاہور، فیصل آباد، سیالکوٹ، نارووال، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ، سرگودھا میانوالی اور گوجرانوالہ میں بارشوں کا امکان ہے۔ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے کہا ہے کہ ’دریائے سندھ میں تربیلا اور کالا باغ کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے۔ دریائے سندھ میں چشمہ کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے۔ دریائے سندھ میں چشمہ کے مقام پر پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہو رہا ہے۔ چشمہ کے مقام پر اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ ہے۔‘پی ڈی ایم اے کے مطابق رواں برس مون سون کے موسم کے دوران مختلف حادثات میں اب تک 123 شہری ہلاک اور 462 زخمی ہوئے جبکہ 150 عمارتوں کو نقصان پہنچا۔’شہریوں کی اموات آسمانی بجلی گرنے، کرنٹ لگنے، نہاتے ہوئے ڈوبنے اور مخدوش و بوسیدہ مکانات گرنے کے باعث ہوئیں۔‘