خیبر پختونخوا میں سینیٹ کی 11 نشستوں پر ووٹنگ، پی ٹی آئی کے چار اراکین دستبردار

image

خیبرپختونخوا میں سینیٹ کی سات جنرل نشستوں پر 14 امیدوار آج قسمت آزمائیں گے۔

صوبے میں سینیٹ کی 11 نشستیں ہیں جن میں سات جنرل جبکہ خواتین اور ٹیکنوکریٹ کی دو دو نشستیں ہیں۔ جنرل نشستوں کے لیے پاکستان تحریک انصاف کے چار اور اپوزیشن کے تین امیدوار ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف کے پانچ ناراض امیدواروں میں سے چار دستبردار ہو گئے ہیں۔  

پی ٹی آئی سے جنرل نشستوں پر مراد سعید، مرزا محمد آفریدی، فیصل جاوید اور علامہ نور الحق قادری شامل ہیں جبکہ پی ٹی آئی کے ناراض امیدوار خرم ذیشان بھی مقابلے میں شامل ہیں۔

سینیٹ الیکشن کے لیے آج پولنگ 11 بجے سے 4 بجے تک ہوگی پولنگ کے لیے خیبرپختونخوا اسمبلی کے جرگہ ہال کو پولنگ سٹیشن قرار دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ خیبرپختونخوا اسمبلی میں اراکین کی تعداد 145 ہے جس میں حکومتی اراکین کی تعداد 92 جبکہ اپوزیشن کی تعداد 53 ہے۔

سینیٹ انتخابات کے لیے پی ٹی آئی کے عرفان سلیم، عائشہ بانو اور وقاص اورکزئی نے بھی کاغذات نامزدگی جمع کیے تھے لیکن انہوں نے پارٹی کی جانب سے ٹکٹ نہ ملنے پر آزاد حیثیت سے الیکشن میں حصہ لینے کا فیصلہ کیا تھا تاہم پارٹی قائدین کے ساتھ طویل مذاکرات کے بعد انہوں نے الیکشن سے دستبرار ہونے کا اعلان کیا۔

پی ٹی آئی کی سابق ایم پی اے عائشہ بانو نے اپنے بیان میں کہا کہ ’دل پر پتھر رکھ کر دستبرداری کا فیصلہ کرنا پڑا۔ یہ فیصلہ صرف اپنے ورکرز کے لیے کیا۔‘

اتوار کو گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے مخصوص نشستوں پر کامیاب 25 اراکین سے حلف لیا تھا جس کے بعد صوبائی اسمبلی کا ایوان اور سینیٹ کے لیے الیکٹورل کالج بھی پورا ہو گیا۔

اپوزیشن جماعتوں سے جنرل نشستوں پر جمعیت علمائے اسلام ف کے عطا الحق، پیپلز پارٹی کے طلحہ محمود اور مسلم لیگ ن سے امیر مقام کے بیٹے نیاز محمد امیدوار ہیں جبکہ آزاد امیدواروں میں جنرل نشستوں پر آصف رفیق ،اظہر قاضی مشوانی، دلاورخان، شفقت ایاز اور فیض الرحمان شامل ہیں۔

سینیٹ میں خواتین کی دو نشستوں پر تین امیدواروں میں مقابلہ ہوگا۔

 پیپلز پارٹی کی سابق سینیٹر روبینہ خالد اور پاکستان تحریک انصاف کی روبینہ ناز امیدواروں میں شامل ہیں جبکہ مہوش علی خان آزاد امیدوار کی حیثیت سے حصہ لے رہی ہیں۔

سینیٹ کے ٹینکوکریٹس کی دو نشستوں پر پانچ امیدوار مقابلے کی دوڑ میں شامل ہیں۔ اس کے لیے جے یو آئی ف نے دلاور خان اور پی ٹی آئی نے اعظم سواتی کو ٹکٹ دیا ہے جبکہ خالد مسعود، نور الحق قادری اور وقار احمد ٹینکوکریٹس پر آزاد امیدوار ہیں۔


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Get Alerts Follow