اسلام آباد میں موسلادھار بارش، باپ بیٹی برساتی نالے میں بہہ گئے

image

اسلام آباد کی ایک نجی سوسائٹی میں طوفانی بارش کے باعث نالے میں آنے والی طغیانی کے نتیجے میں کار میں سوار باپ بیٹی پانی میں بہہ گئے۔

نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کا عملہ اور ضلعی انتظامیہ مشترکہ طور پر ریسکیو آپریشن میں حصہ لے رہے ہیں۔ یہ واقعہ ڈی ایچ اے فیز فائیو کے سیکٹر اے گلی نمبر 72 میں پیش آیا ہے۔

منگل کی صبح جب 62 سالہ کرنل (ر) اسحاق قاضی اپنی 25 سالہ بیٹی کے ہمراہ گھر سے روانہ ہوئے تو موسلادھار بارش اور نالے کی طغیانی کے باعث ان کی گاڑی پانی کی لپیٹ میں آ گئی۔ 

واقعے کی ایک ویڈیو بھی منظر عام پر آئی ہے جس میں گاڑی کو برساتی نالے بہتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

ویڈیو میں یہ بھی دیکھا جا سکتا ہے کہ باپ بیٹی گاڑی سے ہاتھ باہر نکال کر مدد کے لیے پکار رہے ہیں۔

واقعے کے بعد ریسکیو ٹیمیں اور متعلقہ انتظامیہ فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور اس وقت سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

اس افسوسناک واقعے کے حوالے سے اردو نیوز نے اسسٹنٹ کمشنر رورل اسلام آباد، فہد شبیر سے رابطہ کیا، جنہوں نے تصدیق کی کہ واقعہ ڈی ایچ اے فیز فائیو میں پیش آیا۔

ان کے مطابق 62 سالہ کرنل ریٹائرڈ اسحاق قاضی اپنی 25 سالہ بیٹی کے ہمراہ کہیں جا رہے تھے کہ اس دوران ان کی گاڑی برساتی ریلے کی زد میں آ گئی اور نالے میں بہہ گئی۔

فہد شبیر نے مزید بتایا کہ اس وقت ریسکیو آپریشن جاری ہے اور تمام تر کوشش کی جا رہی ہے کہ گاڑی اور اس میں موجود باپ بیٹی کو جلد از جلد تلاش کر کے نکالا جائے۔

انہوں نے کہا کہ گاڑی نالے سے بہتی ہوئی آگے ایک بڑے نالے میں داخل ہو چکی ہے، تاہم اس بات کی تصدیق تاحال نہیں ہو سکی کہ گاڑی میں سوار افراد کی موجودہ حالت کیا ہے۔

 


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Get Alerts Follow