لائیو: ڈیگاری واقعہ، مقتول بانو بی بی کی والدہ بھی گرفتار

image
اہم نکات:​ڈیگاری واقعہ: مقتول بانو بی بی کی والدہ دو روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

مون سون بارشوں کے باعث 143 افراد ہلاک، 488 افراد زخمی: پی ڈی ایم اے

اسلام آباد: برساتی نالے میں بہہ جانے والے باپ بیٹی کی لاش مل گئی

بولان ریلوے ٹریک کے قریب دھماکہ، ٹرین محفوظ رہی

احتجاج کیس: عمر ایوب کے قابل ضمانت وارنٹ جاری

 

 ڈیگاری واقعہ: مقتول بانو بی بی کی والدہ بھی گرفتار

کوئٹہ میں دوہرے قتل کے واقعے میں پولیس نے مقتول بانو بی بی کی والدہ گل جان کو بھی گرفتار کر لیا ہے۔

جمعرات کو گرفتار خاتون کو انسداد دہشت گردی عدالت کوئٹہ میں پیش کیا گیا۔ عدالت نے پولیس کی استدعا پر مقتول کی والدہ کو دو روزہ ریمانڈ پر پولیس کے سیریس کرائم انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا ہے۔

بلوچستان میں ایک مقامی سردار کے فیصلے کے نتیجے میں ’کاروکاری کے الزام‘ میں ایک خاتون اور مرد کے لرزہ خیز قتل میں ملوث 11 ملزموں کو گرفتار کیا گیا تھا۔

پولیس نے معاملے کو ’غیرت کے نام پر قتل‘ کا واقعہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے یہ ڈیڑھ مہینہ پرانا اور کوئٹہ کے نواحی علاقے مارگٹ کے قریب پیش آیا تاہم اس کی ویڈیوز اتوار کو سامنے آئیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واردات میں خاتون کے بھائی، قریبی رشتہ دار اور قبیلے کے دوسرے افراد بھی ملوث ہیں جنہوں نے قبائلی سردار کی جانب سے خاتون اور مرد کو ’کاروکاری‘ قرار دیتے ہوئے جان سے مارنے کا فیصلہ سنایا۔

ابتدائی تحقیقات کی بنیاد پر پولیس نے چھاپے مار کر قبائلی سردار اور خاتون کے قریبی رشتہ دار سمیت متعدد افراد کو گرفتار کیا۔

بولان ریلوے ٹریک کے قریب دھماکہبلوچستان کے علاقے بولان میں ریلوے ٹریک کے قریب دھماکے سے ایک بوگی کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔

ریلوے ذرائع کے مطابق کراچی سے کوئٹہ آنے والی ٹرین کو نشانہ بنایا گیا۔ ٹرین محفوظ رہی تاہم، بوگی نمبر سات کو جزوی نقصان پہنچا۔

میں نے ملالہ کو ایوارڈ دیا جس کے بعد دنیا نے ایوارڈ دیا: چیئرمین سینیٹچیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ ’میں کئی سال سے امن کے لیے کام کیا، میرے ملالہ یوسفزئی کو ایوارڈ دینے کے تین سال بعد دنیا نے انہیں ایوارڈ سے نوازا۔‘

ضم شدہ اضلاع کے قبائلی جرگے سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ ’میرے دور میں سوات، مالاکنڈ اور جنوبی وزیرستان آپریشن ہوا۔ ہم نے تمام سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد آپریشن کیا۔‘

انہوں نے بتایا کہ آپریشن کی وجہ سے 25 لاکھ افراد بےگھر ہوئے جنہیں 90 روز میں واپس اپنے علاقوں میں آباد کیا۔ 

یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ جب تک انصاف نہیں ہوگا تب تک امن نہیں آ سکتا۔

کوریئر سروسز کے نمائندے کی جانب سے موصول پیغامات سے ہوشیار رہیں: پی ٹی اے

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کی جانب سے عوام کو کوریئر سروسز کے نمائندے کی جانب سے موصول پیغامات سے ہوشیار رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

پی ٹی اے کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ’عوام  ایسے جعلی پیغامات سے محتاط رہیں جن میں کوریئر سروسز کے نمائندہ کی جانب سے صارف کو فون کال کے ذریعے ویریفکیشن کوڈ سے متعلق معلومات طلب کی جا رہی ہیں۔‘

بیان کے مطابق ’ایس ایم ایس یا میسجنگ ایپس کے ذریعے موصول ہونے والا کوئی بھی کوڈ کسی کے ساتھ ہر گز شیئر نہ کریں، کیونکہ یہ کوڈ آپ کے اکاؤنٹس یا ڈیجیٹل شناخت تک غیر مجاز رسائی کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔‘

پی ٹی اے نے مزید کہا کہ کہ مستند کوریئر کمپنیاں پارسل کی ترسیل کے لیے صارفین سے کسی قسم کے کوڈ سے متعلق معلومات طلب نہیں کرتیں۔

دہشت گرد سوشل میڈیا کے ذریعے معاشرے میں تقسیم پیدا کر رہے ہیں: عطا تارڑ

وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ دہشت گرد اپنے نظریات کی ترویج سوشل میڈیا کے ذریعے کر رہے ہیں۔

اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کی جانب سے انتہا پسندی کے نظریات کی ترویج کی اجازت دینا حیران کن ہے۔

عطا تارڑ نے کہا کہ دہشت گرد سوشل میڈیا کے ذریعے معاشرے میں تقسیم اور نفرت پیدا کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کے لیے خصوصی قوانین وقت کی ضرورت ہیں۔ دہشت گردی کے ملزمان کے خلاف فرد جرم عائد کیے جانے کی شرح بہت کم ہے۔

143 افراد ہلاک اور 488 افراد زخمی، مون سون فیکٹ شیٹ جاری

پنجاب میں قدرتی آفات سے نمٹنے والے ادارے پی ڈی ایم اے نے مون سون فیکٹ شیٹ جاری کر دی ہے۔

پی ڈی ایم اے کی جانب سے جاری رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ رواں سال مون سون بارشوں کے باعث 143 افراد ہلاک اور 488 افراد زخمی ہوئے جبکہ 200 سے زیادہ مکانات متاثر ہوئے۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں میں لاہور راولپنڈی سمیت پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارشوں کے امکانات ہیں۔ پنجاب کے دریاؤں اور ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔

ترجمان کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں پنجاب کے بیشتر اضلاع میں مون سون بارشیں ریکارڈ کی گئیں۔ سرگودھا میں 69 ملی میٹر، نورپور تھل 59، منڈی بہاؤالدین 50، حافظ آباد 44 اور شیخوپورہ میں 32 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

پی ڈی ایم اے کے ترجمان کے مطابق مون سون بارشوں کا چوتھا سلسلہ 25 جولائی تک جاری رہے گا۔

اسلام آباد میں بہہ جانے والے کرنل (ر) اسحاق کی لاش مل گئی، بیٹی کی تلاش جاری

اسلام آباد کی نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کے نالے میں گاڑی سمیت بہہ جانے والے کرنل ریٹائرڈ اسحاق قاضی  کی لاش مل گئی ہے جبکہ اُن کی بیٹی کی تلاش جاری ہے۔

جمعرات کی دوپہر ریسکیو حکام  نے تصدیق کی کہ منگل کی صبح بیٹی سمیت کار میں بہہ جانے والے اسحاق قاضی کی لاش کو تلاش کر لیا گیا۔

ریسکیو حکام نے کہا ہے کہ لاش برسائی نالے میں ایک جگہ سے ملی ہے۔

منگل کی صبح تیز بارش کے دوران گھر کے قریب سڑک پر جمع پانی میں گاڑی میں سوار بزرگ شہری اسحاق قاضی اور اُن کی بیٹی بہہ گئے تھے۔

دونوں کی تلاش میں تیسرے دن بھی سرچ و ریسکیو آپریشن کے دوران اہلکاروں کو ایک لاش ملی جس کی شناخت کی گئی۔

احتجاج کیس: عمر ایوب کے قابل ضمانت وارنٹ جاری

اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے احتجاج کے کیس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما عمر ایوب کے قابل ضمانت وارنٹ جاری کردیے ہیں۔

انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج طاہر عباس سِپرا نے عمر ایوب، اعظم سواتی و دیگر کارکنان کے خلاف 4 اکتوبر کو احتجاج کے کیسز کی سماعت کی۔

عدالت نے پی ٹی آئی کے سینیٹر اعظم خان سواتی کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کر لی۔ عدالت نے غیر حاضر ملزمان کے ضمانتی مچلکے ضبط کرنے کا حکم دیتے ہوئے کیس کی سماعت 30 جولائی تک ملتوی کر دی۔

بلوچستان: مچھ کے علاقے میں  ہینڈ گرنیڈ دھماکہ

بلوچستان کے ضلع بولان کی تحصیل مچھ میں ہینڈ گرنیڈ دھماکے کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک جبکہ تین زخمی ہوگئے۔

ایس ایس پی کچھی کے مطابق مچھ کے علاقے آب گم میں نامعلوم افراد نے گھر کے باہر بیٹھے چار افراد پر ہینڈ گرنیڈ پھینکا۔ دھماکے سے ایک شخص ہلاک تین افراد شدید زخمی ہو گئے جنہیں ہسپتال منتقل کیا گیا۔

ملزم رات کی تاریکی کا فائندہ اُٹھاتے ہوئے فرار ہو گئے تاہم علاقے کو گھیرے میں لے کر کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔

چیئرمین پی سی بی کی بنگلہ دیش کے امپائرز کو پاکستان میں ٹریننگ دینے کی پیشکش

وفاقی وزیرداخلہ و چئیرمین پی سی بی محسن نقوی نے بنگلہ دیش کے مشیر برائے امور نوجوانان اور کھیل آصف محمود سے ملاقات کی۔

ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان کھیلوں خصوصا کرکٹ کے فروغ و ایمپائرز ڈویلپمنٹ پروگرامز کے لیے تعاون پر اتفاق کیا گیا۔

محسن نقوی نے بنگلہ دیش کے ایمپائرز کو پاکستان میں ٹریننگ کی دعوت دی۔ دونوں رہنماؤں نے وویمنز کرکٹ ڈویلپمنٹ پروگرامز کے لیےاشتراک کار بڑھانے پر بات چیت کی گئی۔

 ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ سپورٹس کے فروغ کے لیے پی سی بی اور بی سی بی میں باقاعدہ معاہدہ کیا جائے گا۔

 


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Get Alerts Follow