اسلام آباد میں بہہ جانے والے کرنل (ر) اسحاق کی لاش مل گئی، بیٹی کی تلاش جاری

image
اسلام آباد کی نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کے نالے میں گاڑی سمیت بہہ جانے والے کرنل ریٹائرڈ اسحاق قاضی  کی لاش مل گئی ہے جبکہ اُن کی بیٹی کی تلاش جاری ہے۔

جمعرات کی دوپہر ریسکیو حکام  نے تصدیق کی کہ منگل کی صبح بیٹی سمیت کار میں بہہ جانے والے اسحاق قاضی کی لاش کو تلاش کر لیا گیا۔

ریسکیو حکام نے کہا ہے کہ لاش برسائی نالے میں ایک جگہ سے ملی ہے۔

منگل کی صبح تیز بارش کے دوران گھر کے قریب سڑک پر جمع پانی میں گاڑی میں سوار بزرگ شہری اسحاق قاضی اور اُن کی بیٹی بہہ گئے تھے۔

دونوں کی تلاش میں تیسرے دن بھی سرچ و ریسکیو آپریشن کے دوران اہلکاروں کو ایک لاش ملی جس کی شناخت کی گئی۔

منگل کو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا گیا تھا کہ اسحاق قاضی اپنی بیٹی کے ہمراہ گھر سے نکلے اور شدید بارش کے باعث ان کی گاڑی سڑک پر کھڑے پانی میں بند ہو گئی۔ اسی دوران پانی کے ایک ریلے میں دونوں باپ بیٹی گاڑی سمیت برساتی نالے میں بہہ گئے۔

گزشتہ دو روز سے گاڑی سمیت لاپتہ ہونے والے باپ اور بیٹی کی تلاش کا کام جاری تھا۔

ریسکیو حکام کے مطابق گزشتہ روز نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کے برساتی نالے میں سرچ آپریشن کیا گیا تھا جس کے بعد دریائے سواں کے داخلی راستوں پر سرچ آپریشن کیا جا رہا تھا کہ اس دوران گاڑی کے دروازے اور بونٹ کی باقیات ملیں۔

ریسکیو ٹیموں کو گزشتہ روز گاڑی کا بمپر اور سائیڈ مرر ملے تھے تاہم گاڑی کا کچھ پتہ نہیں چل سکا تھا، اب ریسکیو ٹیموں کو کرنل ریٹائرڈ اسحاق قاضی کی لاش مل گئی ہے۔

دوسری طرف بابوسر ٹاپ پر سیلاب میں نذر ہونے والی خاتون ڈاکٹر مشعال فاطمہ کے لاپتہ ہونے والے تین سالہ بیٹے کی لاش تین روز بعد مل گئی ہے۔

ڈاکٹر مشعال فاطمہ کے بیٹے عبد الہادی کی لاش کو مقامی افراد نے بابوسر کے قریب ڈاسر کے مقام پر تلاش کر کے حکام کو آگاہ کیا۔

گلگت بلتستان سکاؤٹس نے تین سالہ عبد الہادی کی لاش برساتی نالے سے نکال کر چلاس ہسپتال منتقل کی جہاں میت کو والد کے حوالے کیا گیا۔

 


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Get Alerts Follow