کراچی چیمبر کے زیر اہتمام 20 ویں مائی کراچی نمائش یکم اگست سے ایکسپو سینٹر میں منعقد ہوگی

image

کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری(کے سی سی آئی) کے زیراہتمام 20 ویں مائی بین الاقوامی ”مائی کراچی اویسس آف ہارمونی نمائش یکم اگست 2025 سے ایکسپو سینٹر کراچی میں اپنی روایتی آب وتاب کے ساتھ منعقد ہوگی۔ نمائش کا افتتاح وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کریں گے۔

نمائش میں 350 سے زائد اسٹالز لگائے گئے ہیں جو خریداروں کو رعایتی نرخوں پر مصنوعات اور خدمات کی وسیع رینج پیش کر رہے ہیں۔

کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد جاوید بلوانی نے اس تین روزہ نمائش کی اہم خصوصیات اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ یہ نمائش اتوار 3 اگست 2025 تک جاری رہے گی جہاں نہ صرف بزنس ٹو بزنس اور بزنس ٹو کنزیومر روابط کے لیے ایک بہترین پلیٹ فارم میسر آتا ہے بلکہ شہریوں کے لیے تفریحی مواقع بھی فراہم کیے جاتے ہیں جو اس سالانہ ایونٹ میں بڑی تعداد میں دلچسپی کے ساتھ شرکت کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس سال 3 دنوں میں 8 لاکھ سے زائد افراد کی آمد متوقع ہے۔کئی دوستانہ ممالک کے سفارتکاروں نے بھی اپنی شرکت کی تصدیق کی ہے جبکہ 20 سے زائد ملٹی نیشنل کمپنیاں بھی اس سال کے شو میں حصہ لے رہی ہیں جو اس ایونٹ کی عالمی اہمیت کی عکاسی کرتی ہیں۔انہوں نے چیئرمین مائی کراچی نمائش خصوصی کمیٹی اور سابق صدر کے سی سی آئی محمد ادریس کی انتھک کوششوں کو بھی سراہا جو اس ایونٹ کے انعقاد میں اپنی شاندار صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہیں۔

صدر کے سی سی آئی نے نمائش کے کامیاب سفر پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ2004 میں اس وقت کے صدر مرحوم سراج قاسم تیلی نے اس نمائش کا تصور پیش کیا جنہوں نے بین الاقوامی میڈیا کی جانب سے کراچی کی منفی امیج کے خلاف ایک مؤثر اقدام کی ضرورت کو محسوس کیا۔مائی کراچی نمائش کا مقصد شہر کا مثبت اور فعال امیج دنیا کے سامنے اجاگر کرنا تھا۔ تب سے کے سی سی آئی کے صدور کی لگن کی وجہ سے یہ کراچی کا ایک اہم سالانہ ایونٹ بن چکا ہے۔ 2020 اور 2021 کو چھوڑ کر جب کرونا وبا کی وجہ سے نمائش ملتوی ہوئی کے سی سی آئی نے ہمیشہ بغیر کسی تجارتی مقصد کے اس نمائش کا انعقاد کیا ہے تاکہ میڈ ان پاکستان برانڈ کو فروغ دیا جا سکے اور کراچی کو ایک پرامن اور کاروبار دوست شہر کے طور پر پیش کیا جا سکے۔

جاوید بلوانی نے حکومت سندھ، ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان، کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن، سندھ پولیس، پاکستان رینجرز سندھ اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کا شکریہ ادا کیا جن کے تعاون سے اس ایونٹ کو کامیاب بنانے میں مدد ملی۔انہوں نے کہا کہ اس سال بھی نمائش میں ایک بار پھر متعدد معروف مینوفیکچررز اور مشہور برانڈز شرکت کر رہے ہیں جو معاشی چیلنجز کے باوجود اپنی شرکت سے کے سی سی آئی کے اہم کردار کی عکاسی کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 20ویں مائی کراچی نمائش کراچی اور پاکستان کی اصل تجارتی صلاحیت کو دریافت کرنے کا شاندار موقع فراہم کرے گی جو ایک ایسی سرزمین ہے جو قدرتی خوبصورتی، ثقافتی ورثے اور اقتصادی مواقعوں سے مالا مال ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ عوام کی زیادہ سے زیادہ شرکت کو یقینی بنانے اور کراچی کے اصل اقتصادی اور مالیاتی مرکز کے طور پر اجاگر کرنے کے لیے بھرپور تیاریاں کی گئی ہیں۔ نمائش کا دورہ کرنے والے افراد کے لیے خوشگوار ماحول میں خصوصی سرگرمیاں بھی رکھی گئی ہیں جن میں فوڈ کورٹ، پالتو جانوروں اور برڈز شو، موسیقی کے پروگرام اور آتش بازی شامل ہیں تاکہ لوگ اپنے اہل خانہ کے ہمراہ صحت مند تفریحی سرگرمیوں سے لطف اندوز ہوسکیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Get Alerts Follow