خیبرپختونخوا میں رواں سال 476 دہشتگردی کے واقعات، 66 پولیس اہلکار شہید

image

خیبر پختونخوا میں رواں سال کے ابتدائی سات ماہ کے دوران دہشت گردی کے 476 واقعات پیش آئے جن میں 66 پولیس اہلکار شہید جبکہ 90 زخمی ہوئے۔ سنٹرل پولیس آفس پشاور کی رپورٹ کے مطابق شمالی وزیرستان دہشت گردی سے سب سے زیادہ متاثرہ ضلع رہا جہاں 77 واقعات رپورٹ ہوئے اس کے بعد بنوں میں 74، لکی مروت میں 48 اور ڈی آئی خان میں 44 واقعات پیش آئے۔

سنٹرل پولیس آفس پشاورکے مطابق رواں سال کے دوران 121 عام شہری بھی دہشت گردی کا نشانہ بن کر شہید جبکہ 301 زخمی ہوئے۔ ان واقعات میں 10 خاصہ دار اہلکار بھی شہید اور زخمی ہوئے جبکہ ایف سی کے 48 اہلکار شہید اور 109 زخمی ہو چکے ہیں۔ فورسز کے دیگر 55 اہلکار بھی شہید اور 112 زخمی ہوئے۔

پولیس اہلکاروں کی شہادتوں کے حوالے سے سب سے زیادہ جانی نقصان بنوں میں ہوا جہاں 15 اہلکار شہید اور 16 زخمی ہوئے۔ لکی مروت میں 9، جبکہ جنوبی وزیرستان اور پشاور میں 6،6 پولیس اہلکار شہید کیے گئے۔

انسپکٹر جنرل پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید کے مطابق جنوبی اضلاع میں دہشت گردی کے خطرات کے پیش نظر پولیس کو جدید اسلحہ فراہم کیا جا رہا ہے جبکہ تھانوں اور چیک پوسٹوں کو مضبوط بنانے کا عمل بھی جاری ہے۔

واضح رہے کہ خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں اب تک مجموعی طور پر 2,289 پولیس اہلکار شہید ہو چکے ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Get Alerts Follow