کراچی: کورنگی میں کیش وین سے 97 لاکھ کی ڈکیتی، مقدمہ درج

image

کراچی کے علاقے کورنگی صنعتی ایریا تھانے کی حدود میں گودام چورنگی کے قریب گزشتہ روز کیش وین لوٹنے کا واقعہ پیش آیا جہاں مسلح ملزمان نجی سیکیورٹی کمپنی کے گارڈز کو زخمی کرکے 97 لاکھ 36 ہزار 128 روپے کی رقم لوٹ کر فرار ہو گئے۔ پولیس نے واقعے کا مقدمہ متاثرہ کمپنی کے سینئر فنانس آفیسر فہد جعفری کی مدعیت میں درج کرلیا ہے۔

ایف آئی آر کے متن کے مطابق فہد جعفری کمپنی کے 11 عدد چیک اور مذکورہ رقم لے کر نجی بینک پہنچے جہاں چیکس کیش کرا کر رقم سیکیورٹی کمپنی کے حوالے کی گئی۔ جیسے ہی سیکیورٹی گارڈز رقم کو سیل شدہ کپڑے کے تھیلے میں لے کر بینک سے باہر نکلے اچانک فائرنگ کی آواز سنائی دی۔

متاثرہ افسر کے مطابق وہ باہر پہنچے تو دو سیکیورٹی گارڈ زخمی حالت میں زمین پر پڑے تھے۔ زخمی گارڈز نے بتایا کہ چار سے پانچ مسلح افراد ایک گاڑی میں آئے فائرنگ کی اور رقم کا تھیلا چھین کر فرار ہوگئے۔

پولیس نے دونوں زخمیوں کے بیانات قلمبند کرلیے ہیں اور مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کر دی ہے۔ پولیس حکام کے مطابق جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں اور جلد ملزمان کو گرفتار کرلیا جائے گا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Get Alerts Follow