پاکستان کے لیے امریکا سب سے بڑا برآمدی ملک بن کر سامنے آیا ہے گزشتہ چار سالوں کے دوران امریکا کے ساتھ پاکستان کا تجارتی سرپلس 14 ارب 44 کروڑ ڈالرز تک پہنچ گیا ہے۔
ذرائع وزارت تجارت کے مطابق مالی سال 24-2023 میں پاکستان نے امریکا کو 5 ارب 29 کروڑ ڈالرز کی برآمدات کیں جبکہ درآمدات کا حجم صرف ایک ارب 26 کروڑ ڈالرز رہا یوں رواں مالی سال میں امریکا کے ساتھ تجارتی سرپلس 4 ارب 2 کروڑ ڈالر رہا۔
گزشتہ مالی سال 23-2022 میں امریکا کو برآمدات کا حجم 5 ارب 84 کروڑ ڈالرز تھا جبکہ درآمدات ایک ارب 74 کروڑ 40 لاکھ ڈالرز کی گئیں۔ اس سال تجارتی سرپلس 4 ارب 9 کروڑ ڈالرز رہا۔
سال 22-2021 میں امریکا کے لیے پاکستانی برآمدات 5 ارب 28 کروڑ 50 لاکھ ڈالرز رہیں جبکہ درآمدات 2 ارب 3 کروڑ 30 لاکھ ڈالرز تک محدود رہیں جس سے تجارتی سرپلس 3 ارب 25 کروڑ ڈالرز ہوا۔
اسی طرح مالی سال 21-2020 میں پاکستان نے امریکا کو 6 ارب 83 کروڑ ڈالرز کی اشیاء برآمد کیں جبکہ امریکا سے 3 ارب 76 کروڑ ڈالرز کی درآمدات کی گئیں، اس سال تجارتی سرپلس 3 ارب 7 کروڑ ڈالرز ریکارڈ کیا گیا۔