پاکستان میں اس وقت چار ٹیلی کام کمپنیاں جاز ،ٹیلی نار، یوفون اور زونگ کام کررہی ہیں ان کمپنیوں کے نیٹ ورک کوریج میں ملک کے مختلف حصوں میں صورتحال مختلف رہتی ہے جب کہ صارفین کی جانب سے ان کمپنیوں کی سروسز کےحوالے سے شکایات بھی موصول ہورہی ہیں۔
پاکستان ٹیلی کام اتھارٹی کی جانب سے ان کمپنیوں کی کوریج کے حوالے سے جدید تیکنیکی انداز میں فون کالز، نیٹ ڈیٹا اور 4G سروسز کی جانچ پڑتال کرنے کے بعد رپورٹ جاری کردی گئی ہے۔ پی ٹی اے کی جانب سے دو مختلف انداز میں سرویز کئے گئے ایک سروے پاکستان ریلوے میں سفر کے دوران مسافروں کے ذریعے کیا گیا جب کہ دوسرا سروے ملک کے 19 شہروں کا کیا گیا۔
وائس کالز میں کونسی کمپنی بہتر؟
پی ٹی اے کی جانب سے جن 19 شہروں کا سروے کیا گیا ان میں بہاولپور ،بونیر ،چینیوٹ فتح جنگ ،حسن ابدال ،جیکب آباد ،جتوئی، کراچی وسطی، لاڑکانہ، منڈی بہاؤالدین، مانسہرہ، مردان، مٹیاری، ملتان، پنڈی بھٹیاں، رسالپور، شکر گڑھ، شیخوپورہ اور عمر کوٹ شامل ہیں۔
پی ٹی اے کے مطابق ان علاقوں میں سوائے بونیر کے جاز کی وائس کالز کی کوریج 100 فیصد ہے، بونیر میں جیز کی وائس کال کوریج 75 فیصد ہے۔ دوسرے نمبر پر یوفون ہےجس کی چھ شہروں بہاولپور، بونیر، حسن آباد، جتوئی، مردان،پنڈی بھٹیاں میں 75 فیصد وائس کالز کوریج ہے باقی 13 شہروں میں 100 فیصد وائس کال کوریج ہے۔ جازاور یوفون کے مقابلے میں ٹیلی نار کی وائس کالز کوریج کی کارکردگی ناقص ہے۔ 7 شہروں بونیر، جیکب آباد، جتوئی، منڈی بہاؤالدین، مردان، رسالپور اور عمر کوٹ میں کمپنی کی 75 فیصد وائس کال کوریج ہے اور 12 شہروں میں 100 فیصد کوریج ہے جب کہ زونگ کی وائس کوریج بقیہ تین کمپنیوں کے مقابلے میں سب سے خراب ہے جس کی 9 شہروں میں وائس کالز کوریج 75 فیصد ہےاور 10 شہروں میں 100 فی صد کوریج ہے۔
انٹر نیٹ کوریج کس کمپنی کی بہتر ؟
اسی طرح جاز کی نیٹ ڈیٹا کوریج بھی 3 شہروں یعنی بونیر، پنڈی بھٹیاں اور فتح جنگ کے علاوہ تمام بقیہ 16 شہروں میں 100 فیصد ہے۔ ٹیلی نار اور زونگ کی ڈیٹا کوریج 6 شہروں میں 75 فیصد ہے باقی 13 شہروں میں 100 فیصد ہے۔ یوفون کی انٹر نیٹ ڈیٹا کی کوریج سب سے خراب ہے، یوفون کی 8 شہروں میں 75 فیصد ہے اور 11 شہروں میں 100 فیصد ہے۔
فور جی نیٹ و کوریج کے لحاظ سے کس کمپنی کی کیا کارکردگی ہے؟
پی ٹی اے کی رپورٹ میں دلچسپ بات یہ ہے کہ مذکورہ 19 شہروں میں صرف چینیوٹ ایک ایسا شہر ہے جس میں چاروں کمپنیوں کی 100 فی صد فور جی کوریج ہے جب کہ جاز کی رسالپور میں سب سے کم یعنی 93 فیصد ہے۔ ٹیلی نار کی سب سے کم کوریج فتح جنگ میں ہے جہاں ٹیلی نار کی صرف 66.3 فیصد کوریج ہے۔ یوفون کی فور جی کوریج بہاولپور میں سب سے کم یعنی 86.22 فیصد ہے جب کہ زونگ کی سب سے کم کوریج 77.15 فیصد رسالپور میں ہے۔
مختلف کمپنیوں کی ریلوے سفر کے ذریعے کوریج کے نتائج:
پی ٹی اے کی جانب سے ایبٹ آباد سے ہری پور۔ فیصل آباد سے جھنگ۔ حیدرآباد سے کراچی۔ لاہور سے عبدالحکیم۔ نوشہرہ سے بٹ خیلہ، کوئٹہ سے پشین۔ راولپنڈی سے جہلم۔ سکھر سے کامو شہید کے روٹس میں وائس کالز، نیٹ اور فور جی نیٹ کی کوریج کا جائزہ لیا گیا جس کے مطابق ان روٹس پر جاز کی صرف تین روٹس پر 100 فیصد وائس کالز کوریج ہے جب کہ ٹیلی نار اور یوفون کی ایک روٹ پر جب کہ زونگ کی دو روٹس پر 100 فیصد وائس کالز کی کوریج ہے۔ جاز، ٹیلی نار اور یوفون کی صرف ایک ایک روٹ پر 100 فیصد ڈیٹا کوریج ہے جب کہ زونگ کا کسی ایک بھی روٹ پر 100 فیصد ڈیٹا کوریج نہیں ہے۔ ٹیلی نار کی سب سے خراب ڈیٹا کوریج ہے تمام روٹس پر 50 فیصد فور جی کوریج ہے، ایک روٹ پر تو 25 فیصد کوریج بھی ہے۔ فور جی سروس کا جائزہ لیا جائے تو چاروں کمپنیوں کی مذکورہ روٹس پر کسی بھی روٹ پر بھی 100 فی صد فور جی کوریج نہیں ہے۔