قتل کیس میں تھانیدار سمیت 4 ملزمان جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے سپرد

image

جوڈیشل مجسٹریٹ ملیر نے نوجوان کے قتل کے مقدمہ میں نامزد شاہ لطیف ٹاؤن کے تھانیدار سمیت 4 ملزمان کو 8 اگست تک جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔

ملزمان میں ایس ایچ او صدر الدین میرانی، اے ایس آئی سلیم مغل، عاطف اور شاہ زیب شامل ہیں، تفتیشی افسر کے مطابق ملزمان عاطف اور شاہ زیب دو افراد کو پکڑ کر تھانے لے کر آئے تھے، تھانے میں جھگڑے کے دوران ملزم عاطف نے فائرنگ کردی جس نوجوان ہلاک ہوگیا۔

ملزمان ایس ایچ او اور اے ایس آئی نے تھانے کی سی سی ٹی فوٹیج ڈیلیٹ کی اور جائے وقوعہ کو صاف کرادیا تھا ، ایس ایچ او اور اے ایس آئی پر قتل کے شواہد چھپانے کا الزام ہے، ملزمان کے خلاف شاہ لطیف تھانے میں مقدمہ درج ہے۔

واضح رہے کہ شاہ لطیف ٹاؤن تھانے میں نوجوان کی ہلاکت کے معاملے پر واقعے کی ابتدائی انکوائری کے دوران سامنے آیا کہ نوجوان کو گولی مار کر قتل کیا گیا، پولیس کا کہنا تھا کہ عاطف اور شاہزیب نے تھانے لا کر نوجوان پر فائرنگ کی، دونوں ملزمان ایس ایچ او صدرالدین میرانی اور ہیڈ محرر کی اسپیشل پارٹی سے وابستہ تھے، واردات کے شواہد مٹانے کی بھی کوشش کی گئی، وقوعہ کے ثبوت مٹانے اور قتل کے ملزمان کو غیرقانونی طور پر سہولت کاری فراہم کرنے پر ایس ایچ او اور ہیڈ محرر کے خلاف بھی واقعہ کی ایف آئی آر نمبر 1137/2025 بجرم دفعہ 302، 201، 34 کے تحت درج کرلی گئی تھی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US