پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سہ ملکی ٹی 20 سیریز اور ایشیا کپ کے لیے 17 رکنی سکواڈ کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔
یہ اعلان اتوار کی صبح قومی ٹیم کے چیف عاقب جاوید نے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن کے ہمراہ پریس کانفرنس میں کیا۔
عاقب جاوید کا کہنا تھا کہ ٹیم کی قیادت کے لیے سلمان علی آغا کو ہی برقرار رکھا گیا ہے۔
دیگر کھلاڑیوں میں ابرار احمد، فہیم اشرف، فخر زمان، حارث رؤف، حسن علی، حسن نواز، حسین طلعت، خوشدل شاہ، محمد حارث، محمد نواز، محمد وسیم جونیئر، صاحبزادہ فرحان، صائم ایوب، سلمان مرزا، شاہین شاہ آفریدی اور سفیان مقیم شامل ہیں۔
فخر زمان کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ ان پر کسی کو شک نہیں ہونا چاہیے۔
سکواڈ میں بابر اعظم اور محمد رضوان کی عدم شمولیت کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ دستیاب کھلاڑیوں کو ٹیم کا حصہ بنانے کا بنانے کی کوشش کی گئی ہے۔
ان کے بقول ’کسی کھلاڑی کی فارم کو تین میچوں کی بنا پر جج کرنا ایک سخت فیصلہ ہے، بابر اعظم نے پہلا میچ اچھا کھیلا، انہیں کچھ چیزیں بہتر کرنے کا کہا گیا ہے۔‘
’ایسا نہیں کہا جا سکتا کہ ٹی 20 میں بابر اعظم اور محمد رضوان کا مستقبل ختم ہو گیا ہے۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ان کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے جو اچھا کھیل رہے ہیں، امید ہے کہ وہ آگے چل کر بھی ایسی ہی پرفارمنس دیں گے۔
اس موقع پر ہیڈ کوچ مائیک ہیسن کا کہنا تھا کہ بابر اعظم کے پاس چانس موجود ہے کہ وہ بگ ہیش لیگ میں کارکردگی دکھائیں۔
خیال رہے پاکستان، افغانستان اور متحدہ عرب امارات کی ٹیموں پر مشتمل سہ ملکی سیریز شارجہ میں 29 اگست سے شروع ہو کر سات ستمبر تک شارجہ میں ہو گی۔
اسی طرح ایشیا کپ نو ستمبر سے شروع ہو گا اور 28 ستمبر تک میچز ہوں گے جو کہ ابوظبی اور دبئی میں کھیلے جائیں گے۔