ٹیم میں کسی کو شامل کرنے یا نکالنے میں میرا ایک فیصد کردار بھی نہیں: چیئرمین پی سی بی

image
وفاقی وزیر داخلہ اور پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے کہا ہے کہ قومی کرکٹ ٹیم میں کسی کھلاڑی کو شامل کرنے یا نکالنے میں ان کا ایک فیصد کردار بھی نہیں ہے۔

سنیچر کو لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ ہماری ایک سلیکشن کمیٹی ہے ایک ایڈوائزری بورڈ ہے اور یہ سارے بیٹھتے ہیں اور ایک نہیں دو دو تین تین دفعہ تمام چیزوں کا جائزہ لیا جاتا ہے۔ آٹھ  آٹھ 10 10 گھنٹے کے اجلاس ہوتے ہیں جو تین تین دن تک چلتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر یہ ٹیم کا انتخاب کر رہے ہیں تو میرا ان پر اعتماد ہے کیونکہ یہ سارے اچھے اور پروفیشنل لوگ ہیں اور اچھی ٹیم کا انتخاب کر رہے ہیں۔

’میں نے انہیں یہ کہا ہے کہ جو بھی فیصلہ کریں میرٹ پر کریں، میں اس کی حمایت کروں گا۔ باقی جو بھی کھلاڑی ہمیں دستیاب تھے ہم انہی کی صلاحیتوں کو نکھار کر انہیں آگے لے کر گئے ہیں۔ اب ہماری کوشش ہے کہ زیادہ سے زیادہ نئے کھلاڑی آئیں تاکہ کرکٹ میں اچھا مقابلہ ہو۔‘

پی سی بی نے گذشتہ اتوار کو سہ ملکی ٹی20 سیریز اور ایشیا کپ کے لیے 17 رکنی سکواڈ کا باضابطہ اعلان کیا تھا جس میں بابر اعظم اور محمد رضوان شامل نہیں ہیں۔

خواتین کی قومی کرکٹ ٹیم کی کارکردگی کے حوالے سے ایک سوال پر چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ ’ان کی ٹیم سے تھوڑی سیاست نکلی ہے تو مجھے امید ہے کہ اب ان کی جانب سے بھی بہتری آنا شروع ہو گی۔‘

پاکستانی کرکٹ ٹیم کی ون ڈے میچز میں کارکردگی اور محمد رضوان کے بطور کپتان مستقبل کے حوالے سے محسن نقوی نے کہا کہ ’اس کا فیصلہ سلیکٹرز کریں گے، ہیڈ کوچ نے اپنی رپورٹ جمع کرا دی ہے، سارے لوگوں کی مشاورت سے فیصلہ کریں گے۔‘

پی سی بی کی جانب سے حال ہی میں اعلان کردہ سینٹرل کنٹریکٹس کی اے کیٹگری میں کسی کھلاڑی کے نہ ہونے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ’کھلاڑیوں کی کارکردگی کی بنیاد پر ہی سب ہوا ہے۔ اور جو کارکردگی دکھائے گا اسے اس کا انعام ملے گا۔‘

پی سی بی کی جانب سے اعلان کردہ سینٹرل کنٹریکٹس میں بابر اعظم کی تنزلی ہوئی ہے اور وہ اے کیٹگری سے بی کیٹگری میں چلے گئے ہیں۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)

خیال رہے کہ پی سی بی کی جانب سے اعلان کردہ سینٹرل کنٹریکٹس میں بابر اعظم اور محمد رضوان کی تنزلی ہوئی ہے اور وہ اے کیٹگری سے بی کیٹگری میں چلے گئے ہیں۔

ایشیا کپ میں انڈیا کے ساتھ میچ کے حوالے سے محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ’مجھے امید ہے کہ کھلاڑی اپنی پوری کوشش کریں گے۔ ٹیم نے محنت کرنی ہے اور ہم سب نے ان کے پیچھے کھڑے ہونا ہے۔ خدا کا واسطہ ہے کہ ان پر تنقید بند کر دیں۔ میں دیکھتا ہوں کہ وہ بہت دلبرداشتہ ہوتے ہیں جب ان پر بلاوجہ کی تنقید کی جاتی ہے۔‘

 


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US