بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہن علیمہ خان نے کہا ہے کہ ان کی سلمان اکرم راجہ سے کوئی تلخ کلامی نہیں ہوئی وہ ہمارے وکیل اور فیملی کی طرح ہیں۔
اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا کہ عمران خان کی تو سپریم کورٹ سے ضمانت ہو گئی مگر سمجھ سے باہر ہے کہ میرے بچوں کو کیوں گرفتار کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ شاہ ریز خان بزنس کرتا ہے اور اسپورٹس میں پاکستان کی نمائندگی بھی کر چکا ہے اور دوسرے بیٹےشیر شاہ کو بھی گرفتار کیا گیا۔ علیمہ خان نے کہا کہ مجھے بھی گرفتار کر لیں ان گرفتاریوں سے ہمیں کوئی فرق نہیں پڑتا۔
علیمہ خان نے مزید کہا کہ سلمان اکرم راجہ کے ساتھ کوئی اختلاف نہیں اور اگر ضمنی انتخابات کا معاملہ ہے تو اس پر انہی سے پوچھا جائے۔
اس موقع پر عمران خان کی دوسری بہن عظمیٰ خان نے بھی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ضمنی انتخابات کے حوالے سے اگر کوئی تنازع ہے تو پارٹی قیادت ہی وضاحت کرے گی۔ عظمیٰ خان کا کہنا ہے کہ عمران خان نے ملاقات میں واضح کہا تھا کہ ضمنی انتخابات میں حصہ نہیں لینا چاہیے کیونکہ اس سے پارٹی کو نقصان ہوگا۔
عظمیٰ خان نے کہا کہ عمران خان کا مؤقف ہے کہ الیکشن میں جانے سے ناجائز نااہلیوں کو جواز ملے گا اور یہ ہمیں جیتنے نہیں دیں گے بلکہ مرضی کے امیدواروں کو جتوایا جائے گا۔ بانی نے پارٹی کو پیغام دیا تھا کہ تحریک پر توجہ مرکوز کریں جائے۔