پاکستان نے غزہ کے جنوبی علاقے خان یونس میں النصر اسپتال پر اسرائیلی فضائی حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ اسرائیلی حملے میں 21 افراد شہید ہوئے جن میں 5 صحافی اور ایک ریسکیو ورکر بھی شامل ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ اسپتال پر حملہ انسانیت سوز اور ایک سنگین جرم ہے شہریوں اور صحافیوں کو نشانہ بنانا بین الاقوامی انسانی حقوق اور قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
ترجمان نے کہا کہ پاکستان عالمی برادری سے مطالبہ کرتا ہے کہ اسرائیل کو ان سنگین جرائم پر جوابدہ ٹھہرایا جائے اور اس کی مسلسل جارحیت کو روکنے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔
ترجمان دفتر خارجہ نے اسرائیل کے شام پر حملے کی بھی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان شام کی خودمختاری، آزادی، علاقائی سالمیت کی مکمل حمایت کرتا ہے عالمی برادری اسرائیل کو خطے کے امن کو نقصان پہنچانے سے روکے۔