وفاقی وزیر داخلہ کا 11 منزلہ ہاسٹل 5 ماہ میں تعمیر کرنے کا ٹاسک

image

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے نیشنل پولیس اکیڈمی کے دورہ کے موقع پر 126 کمروں پر مشتمل 11 منزلہ ہاسٹل کی تعمیر کا کام 5 ماہ میں مکمل کرنے کا ٹاسک دیا۔

وفاقی وزیر داخلہ نے نیشنل پولیس اکیڈمی میں زیر تعمیر ہاسٹل کے تعمیراتی کاموں کا معائنہ کیا۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ ‎تعمیراتی کام میں رفتار کے ساتھ معیار پر کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا۔

محسن نقوی نے اکیڈمی کے سوئمنگ پول کا معائنہ کیا اور زیر تربیت پولیس افسران کے درمیان سوئمنگ مقابلہ دیکھا۔ انہوں نے پروبیشنرز و انسٹرکٹر کی حوصلہ افزائی کی، وزیر داخلہ نے زیر تربیت افسران کے کلاس روم کا دورہ کیا اور ان سے ملاقات کی۔

وفاقی وزیر داخلہ نے آفیسرز میس کا دورہ کیا اور اے ایس پیز کے ساتھ بیٹھ کر کھانے کا معیار چیک کیا، ‎وزیر داخلہ نے زیر تربیت افسران سے تجاویز لیں۔ محسن نقوی نے نیشنل پولیس اکیڈمی میں اہم اجلاس کی صدارت بھی کی۔ ‎اجلاس میں نیشنل پولیس اکیڈمی کی تنظیمِ نو اور گزشتہ اجلاس میں کیے گئے فیصلوں پر عمل درآمد کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ ‎زیر تربیت افسران کی ایف آئی اے، فرانزک ایجنسی سمیت دیگر اداروں سے اٹیچمنٹ کے فیصلے پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔

ڈپٹی کمانڈنٹ نیشنل پولیس اکیڈمی نے بریفنگ کے دوران بتایا کہ نیشنل کمانڈ کورس کرنے والے اے ایس پیز کو ایم ایس کریمنالوجی اور پولیس اسٹڈیز کی ڈگری ایوارڈ کرنے کی منظوری ہوچکی ہے۔ بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ ‎تربیتی پروگرام میں تھانوں کے باقاعدہ دورے، سیف سٹی، ایف آئی اے، سائبر کرائم اور فرانزک کے شعبوں میں اٹیچمنٹ شامل ہے، ‎زیر تربیت اے ایس پیز نے نیشنل پولیس اکیڈمی میں سہولتیں بہتر بنانے پر وزیر داخلہ محسن نقوی کا شکریہ ادا کیا۔ ڈپٹی کمانڈنٹ نیشنل پولیس اکیڈمی، چیف کمشنر اسلام آباد، ممبر انجنئیرنگ سی ڈی اے اور دیگر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US