وفاقی حکومت نے پاکستان کی ہاکی ٹیم کی آئندہ ایف آئی ایچ پرو لیگ (سیزن 7) میں شرکت کے لیے 25 کروڑ روپے کی مالی معاونت کی منظوری دے دی ہے۔
پاکستان سپورٹس بورڈ (پی ایس بی) کی جانب سے جاری ایک سرکاری خط کے مطابق مجموعی طور پر 40 کروڑ روپے کی منظوری دی گئی ہے۔’اس رقم میں سے 25 کروڑ روپے پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کے لیے مختص کیے گئے ہیں تاکہ قومی ٹیم کی اس عالمی سطح کی لیگ میں شرکت کو ممکن بنایا جا سکے جبکہ 15 کروڑ روپے اسلام آباد میں پہلی نیشنل یوتھ گیمز کے انعقاد کے لیے رکھے گئے ہیں۔‘’پی ایس بی نے پی ایچ ایف سے کہا ہے کہ وہ تین دن کے اندر ایک جامع شمولیتی پلان جمع کرائے جس میں سفر کے شیڈول، لاجسٹک سہولیات، انتظامی امور اور تربیتی تفصیلات شامل ہوں۔‘پرو لیگ کیا ہے؟ہاکی پرو لیگ انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کا ایک سالانہ ٹورنامنٹ ہے جس میں دنیا کی بہترین ہاکی ٹیمیں حصہ لیتی ہیں۔ اس کا پہلا ایڈیشن سنہ 2019 میں کھیلا گیا تھا۔اس لیگ کا مقصد کھیل کو عالمی سطح پر فروغ دینا، شائقین کو اعلیٰ معیار کے میچ دکھانا اور کھلاڑیوں کو سخت مقابلوں کا تجربہ فراہم کرنا ہے۔لیگ میں مردوں اور خواتین کی ٹاپ ٹیمیں ’ہوم اینڈ آوے فارمیٹ‘ کے تحت ایک دوسرے کے خلاف میچ کھیلتی ہیں۔ اس فارمیٹ کے ذریعے ٹیموں کو اپنے ملک اور مخالف ملک دونوں ٹیموں میں کھیلنے کا موقع ملتا ہے۔اہم بات یہ ہے کہ پرو لیگ میں کارکردگی کا براہِ راست اثر ہاکی ورلڈ کپ اور اولمپکس کے لیے کوالیفکیشن پوائنٹس پر پڑتا ہے، اسی لیے اسے جدید ہاکی کے سب سے اہم مقابلوں میں شمار کیا جاتا ہے۔