وزیراعظم کا کراچی میں سیلابی صورتحال کا نوٹس، فوری اقدامات کی ہدایت

image

وزیراعظم شہباز شریف نے سندھ بالخصوص کراچی میں حالیہ بارشوں اور سیلابی صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے متاثرہ خاندانوں کی فوری امداد اور بحالی کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔

وزیراعظم نے گڈاپ ندی میں شہریوں کے ڈوبنے پر افسوس کا اظہار کیا اور متعلقہ اداروں کو ہدایت دی کہ سیلاب میں لاپتہ افراد کو جلد از جلد تلاش کیا جائے۔ انہوں نے کراچی میں جاری امدادی کارروائیوں پر ریسکیو 1122، پاک فوج اور رینجرز کو سراہا۔

وزیراعظم نے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کو ہدایت کی کہ حکومت سندھ اور سندھ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے ساتھ مکمل تعاون کیا جائےاور امدادی کارروائیوں کو مزید تیز کریں۔

وزیراعظم نےوفاقی کابینہ کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ مون سون بارشوں اور سیلاب نے خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، آزاد جموں و کشمیر اور پنجاب میں بھی تباہی مچائی ہے اب پانی سندھ کی وادیوں میں داخل ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کرے نقصانات کم ہوں وفاق کو صوبوں کے ساتھ مل کر نقصانات کے ازالے کے لیے کام کرنا ہوگا۔

وزیراعظم نے وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کی سربراہی میں سیلاب سے نمٹنے اور بحالی کے عمل کو مؤثر بنانےکے لیے ایک اعلیٰ سطح کی کمیٹی تشکیل دینے کا بھی اعلان کیا جس میں وفاقی وزرا، سیکریٹریز اور چاروں صوبوں کے چیف سیکریٹریز شامل ہوں گے۔

وزیراعظم نے سیلاب سے متاثر ہونے والے مواصلات کے نظام کو جلد بحال کرنے اور شہریوں کو ریلیف پہنچانے کے لیے فوری اقدامات کرنے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ وفاق اور حکومت سندھ مکمل طور پر متحرک ہیں اور عوام کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US