خیبرپختونخوا میں بڑا آپریشن، پاک فوج کے سات سپوتوں نے جام شہادت نوش کیا

image

خیبرپختونخوا کے ضلع دیر کے علاقے لال قلعہ میں سکیورٹی فورسز نے خوارج کے ایک ٹھکانے پر کامیاب کارروائی کی جس میں یرغمال بنائے گئے شہریوں کو بچاتے ہوئے سات جوان شہید ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم خوارج کو نشانہ بنایا گیا۔ فائرنگ کے شدید تبادلے کے بعد 10 دہشت گرد مارے گئے جبکہ فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر کلیئرنس آپریشن شروع کر دیا۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ وطن کے سات بہادر سپوت جام شہادت نوش کر گئے جن میں نائیک عبدالجلیل، نائیک گل جان، لانس نائیک عظمت اللہ، سپاہی عبدالمالک، سپاہی محمد امجد، سپاہی محمد داؤد اور سپاہی فضل قیوم شامل ہیں۔ ان جوانوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے بے گناہ شہریوں کی زندگیاں محفوظ بنائیں۔

آئی ایس پی آر نے مزید بتایا کہ خفیہ معلومات کے مطابق ان وارداتوں میں افغان شہریوں کا براہِ راست ہاتھ ہے۔ پاکستان کی توقع ہے کہ افغان عبوری حکومت اپنی ذمہ داری پوری کرے گی اور اپنی سرزمین کو دہشت گردوں کے لیے استعمال نہیں ہونے دے گی۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارتی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔ پاک فوج کے مطابق شہیدوں کی قربانیاں اس عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں کہ ملک کو دہشت گردی کے ناسور سے ہمیشہ کے لیے پاک کیا جائے۔

یاد رہے کہ اس سے پہلے بھی خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں آپریشنز کے دوران "فتنہ الہندوستان" کے 35 دہشت گرد مارے جا چکے ہیں جبکہ ان کارروائیوں میں 12 جوان شہید ہوئے تھے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US