ویکسینیشن کے بعد متلی اور چکر۔۔ والدین پریشان ! محکمہ صحت نے کیا تاکید کردی؟

image

اسلام آباد اور راولپنڈی شہروں کے مختلف اسکولوں میں ویکسینیشن مہم کے دوران متعدد طالبات کی طبیعت اچانک خراب ہوگئی جنہیں فوری طور پر قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا جہاں اُنہیں فوری طبی امداد فراہم کی گئی۔

عینی شاہدین کے مطابق اسکول انتظامیہ نے ویکسینیشن کے بعد کچھ بچیوں میں بے چینی، متلی اور چکر آنے کی شکایات دیکھتے ہی ریسکیو کو اطلاع دی۔ ریسکیو 1122 اور دیگر ایمبولینس سروسز نے متاثرہ بچیوں کو فوری اسپتال پہنچایا۔

والدین کی بڑی تعداد اطلاع ملتے ہی اسکولوں اور اسپتالوں کا رخ کر گئی، جس کے باعث صورتِ حال کافی کشیدہ ہوگئی۔ والدین نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بچوں کو ویکسین لگانے سے پہلے اعتماد میں نہیں لیا گیا اور انتظامات بھی غیر تسلی بخش تھے۔

ذرائع کے مطابق محکمہ صحت کی ٹیمیں اسپتالوں میں پہنچ کر بچیوں کی طبیعت کا جائزہ لے رہی ہیں۔ ابتدائی طور پر یہ کہا جا رہا ہے کہ کچھ بچیوں نے انجکشن لگنے کے خوف اور دباؤ کے باعث ردعمل دیا، تاہم اصل وجوہات جاننے کے لیے طبی تحقیقات جاری ہیں۔

محکمہ صحت کے حکام نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ ویکسین عالمی ادارہ صحت کی منظور شدہ ہے اور اس کے کوئی سنگین مضر اثرات رپورٹ نہیں ہوئے۔ والدین سے اپیل کی گئی ہے کہ افواہوں پر یقین نہ کریں اور بچوں کو حفاظتی ٹیکے ضرور لگوائیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US