راولپنڈی پولیس نے دھمیال کے علاقے میں سات سالہ بچی کی قبر کی بے حرمتی کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق ملزم نے جادو ٹونے کے لیے قبر کھود کر اس کی توہین کی اور بعد ازاں دوبارہ قبر تیار کرنے کی کوشش کی۔ ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا کہ ملزم مختلف جادوئی عملیات اور ٹونے ٹوٹکوں میں ملوث تھا اور اسی لیے اس نے یہ بھیانک اقدام اٹھایا۔
پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ایسے مکروہ جرائم کرنے والے عناصر کو سخت سزا دی جائے گی تاکہ آئندہ کوئی شخص اس قسم کی حرکت کا سوچ بھی نہ سکے۔