پاک-بھارت میچ سے قبل پاکستان ٹیم کی پریس کانفرنس منسوخ

image

پاکستان اور بھارت کے درمیان کل ہونے والے میچ سے قبل پاکستان ٹیم مینجمنٹ نے اپنی پریس کانفرنس ایک بار پھر منسوخ کر دی۔ دونوں ٹیموں نے ہفتے کے روز پری میچ کانفرنسز طے کر رکھی تھیں تاہم پاکستان کیمپ نے پریس کانفرنس منسوخ کرنے کی کوئی وجہ بیان نہیں کی۔

بھارتی ٹیم کے کپتان سوریہ کمار یادو نے بھی باضابطہ پریس کانفرنس نہیں کی البتہ چند بھارتی صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کی۔

دلچسپ امر یہ ہے کہ میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ جن پر 14 ستمبر کے میچ کے بعد تنازع کھڑا ہوا تھا کل کے میچ کے لیے دوبارہ نامزد کیے گئے ہیں۔ یاد رہے کہ اس تنازع کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایشیا کپ سے ٹیم واپس بلانے کی دھمکی دی تھی تاہم بعد ازاں ریفری نے پاکستان ٹیم منیجر اور کپتان سے معافی مانگ کر وضاحت پیش کی تھی جس کے بعد معاملہ حل کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق پاکستان ٹیم کے کھلاڑی اس وقت صرف میچ پر توجہ دینا چاہتے ہیں اور کسی نئی تنازع میں نہیں پڑنا چاہتے اسی وجہ سے آج کی پریس کانفرنس منسوخ کی گئی۔پاکستان ٹیم نے دبئی اکیڈمی میں تین گھنٹے کا پریکٹس سیشن شیڈول کے مطابق مکمل کیا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US