پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اظہر محمود نے 39 سالہ اسپنر آصف آفریدی کی ٹیم میں شمولیت کا بھرپور دفاع کیا ہے اور کہا ہے کہ کھلاڑیوں کا انتخاب کارکردگی کی بنیاد پر ہوتا ہے عمر کی بنیاد پر نہیں۔
میڈیا سے گفتگو کے دوران اظہر محمود کا کہنا تھا کہ  مجھے سمجھ نہیں آتی کہ آصف آفریدی کی عمر کو اتنا بڑا مسئلہ کیوں بنایا جا رہا ہے۔عمر صرف ایک نمبر ہے اصل چیز پرفارمنس ہے اور انہوں نے ڈومیسٹک کرکٹ میں کارکردگی دکھائی ہے۔
یاد رہے کہ آصف آفریدی پر ماضی میں پاکستان کرکٹ بورڈ  نے ایک سال کی پابندی عائد کی تھی کیونکہ انہوں نے اینٹی کرپشن قوانین کی خلاف ورزی کی تھی تاہم بعد میں انہیں چھ ماہ بعد ہی کھیلنے کی اجازت دے دی گئی۔
اظہر محمود نے واضح کیا کہ ابھی تک یہ فیصلہ نہیں ہوا کہ پاکستان پہلے ٹیسٹ میں تین اسپنرز کے ساتھ کھیلے گا یا دو فاسٹ بولرز اور دو اسپنرز کے کمبی نیشن سے میدان میں اترے گا۔انہوں نے کہا کہ ہمیں ساؤتھ افریقا کی ٹیم کا اچھی طرح اندازہ ہے اور ہم اسی حساب سے پلاننگ کر رہے ہیں اور اس بار ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز جیسی اسپن پچز نہیں ہوں گی۔
یاد رہے کہ پاکستان اور ساؤتھ افریقا کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ 12 اکتوبر سے شروع ہو گا۔