پی سی بی کا برطانیہ میں لائیو اسٹریمنگ پلیٹ فارم لانچ کرنے کا اعلان

image

پاکستان کرکٹ بورڈ نے اعلان کیا ہے کہ وہ برطانیہ میں اپنا لائیو اسٹریمنگ پلیٹ فارم متعارف کرا رہا ہے جس کے ذریعے وہاں موجود کرکٹ شائقین پاکستان میں ہونے والے تمام انٹرنیشنل میچز براہِ راست دیکھ سکیں گے۔

پی سی بی کے مطابق نئے پلیٹ فارم پر برطانیہ کے ناظرین کو میچز دیکھنے کے لیے ماہانہ 5 پاؤنڈ یا سالانہ 40 پاؤنڈ سبسکرپشن فیس ادا کرنی ہوگی۔

پی سی بی کے اس اقدام نے کرکٹ حلقوں میں مختلف سوالات کو جنم دیا ہے۔ کچھ ماہرین کے مطابق یہ قدم اس وجہ سے اٹھایا گیا ہے کہ پی سی بی برطانیہ میں پاکستان میں ہونے والی سیریز کے براڈکاسٹ رائٹس فروخت کرنے میں ناکام رہا۔

یاد رہے کہ پچھلے سال جب انگلینڈ کی ٹیم نے پاکستان کا دورہ کیا تھا تو اس وقت بھی پی سی بی کو برطانیہ میں رائٹس بیچنے میں مشکلات پیش آئی تھیں اور آخرکار اسکائی اسپورٹس کے ساتھ کم مالی معاوضے پر معاہدہ کیا گیا تھا۔

کچھ براڈکاسٹ اور مارکیٹنگ ایکسپرٹس کا کہنا ہے کہ موجودہ صورتحال میں جہاں قومی ٹیم تسلسل سے ناکامیوں کا شکار ہے اور بڑے اسٹار پلیئرز کی کمی محسوس کی جا رہی ہے ایسے میں برطانوی شائقین کو فیس کے عوض سبسکرائب کرنے پر آمادہ کرنا ایک مشکل چیلنج ہوگا۔

کرکٹ تجزیہ کار عمیر علوی کے مطابق اسٹریمنگ پلیٹ فارم تب ہی کامیاب ہوتے ہیں جب وہ اپنے سبسکرائبرز کو مسلسل نیا اور دلچسپ کنٹینٹ فراہم کریں۔ صرف میچز دکھانا کافی نہیں ہوتا۔

پی سی بی کے مطابق اس نئے اسٹریمنگ پلیٹ فارم پر سب سے پہلے پاکستان بمقابلہ جنوبی افریقا ٹیسٹ سیریز نشر کی جائے گی۔بعد ازاں سبسکرائبرز کو پاکستان سپر لیگ کے میچز بھی اسی پلیٹ فارم پر دیکھنے کی سہولت فراہم کی جائے گی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US