بھارت کی بھرپور کوششوں کے باوجود ایشیا کپ 2025 کی ٹرافی اب تک بھارتی ٹیم کے حوالے نہیں کی گئی۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے ذرائع کے مطابق ٹرافی اس وقت ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے دبئی ہیڈکوارٹرز میں موجود ہے اور اے سی سی کے چیئرمین محسن نقوی نے واضح ہدایات جاری کی ہیں کہ ٹرافی صرف وہ خود بھارتی ٹیم یا بی سی سی آئی کے نمائندوں کو اپنے ہاتھ سے دیں گے۔
ذرائع کے مطابق بھارتی بورڈ کی جانب سے اے سی سی پر دباؤ ڈالنے کی کئی کوششیں کی گئیں تاکہ ٹرافی کسی ذریعے سے بھارت پہنچ جائے تاہم محسن نقوی اپنے مؤقف پر قائم ہیں کہ ٹرافی انہی کے ذریعے وصول کی جائے گی۔
ذرائع نے بھارتی میڈیا کی ان خبروں کو بے بنیاد قرار دیا جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ ٹرافی بھارت منتقل کر دی گئی ہے۔ان کے مطابق ٹرافی اب بھی اے سی سی کے دفتر میں ہے اور چیئرمین پی سی بی کی ہدایت پر ان کی منظوری کے بغیر اسے وہاں سے ہٹایا نہیں جا سکتا۔
یاد رہے کہ بھارتی ٹیم نے ایشیا کپ فائنل جیتنے کے بعد محسن نقوی سے ٹرافی لینے سے انکار کر دیا تھا جس کے بعد چیئرمین پی سی بی نے اسے اے سی سی کے دفتر بھجوا دیا۔
ذرائع کے مطابق نومبر میں ہونے والی انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی میٹنگ میں اس معاملے پر باضابطہ طور پر بات کی جائے گی جہاں ایشیا کپ میں بھارتی ٹیم کے رویے اور ٹرافی کے ہینڈ اوور سے متعلق فیصلے متوقع ہیں۔