اسلام آباد ایئرپورٹ پر غیر قانونی امیگریشن اسکینڈل، 2 اہلکار گرفتار

image

ایف آئی اے اینٹی کرپشن سیل نے اسلام آباد ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے ایک اے ایس آئی اور ایک کانسٹیبل کو غیر قانونی امیگریشن میں ملوث ہونے کے الزام میں گرفتار کرلیا۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق گرفتار اہلکاروں میں اے ایس آئی ارشد اور کانسٹیبل مجاہد شامل ہیں۔ دونوں کے موبائل فونز سے غیر قانونی سرگرمیوں کے واضح شواہد برآمد ہوئے ہیں جن میں ملین روپے کی ٹرانزیکشنز اور غیر ملکی روابط کے ثبوت بھی موجود ہیں۔

تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ دونوں اہلکار مبینہ طور پر امیگریشن ایجنٹس کے ساتھ رابطے میں تھے اور بیرون ملک جانے والے افراد سے فی کس پچاس ہزار روپے رشوت وصول کرتے تھے۔ موبائل ڈیٹا سے فلپائن اور ازبکستان کو بھیجی گئی غیر قانونی رقوم اور پیغامات کے ثبوت بھی حاصل کیے گئے ہیں۔

ایف آئی اے نے دونوں اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے جبکہ غیر قانونی امیگریشن نیٹ ورک کے دیگر سہولت کاروں کی تلاش جاری ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US