کراچی میں 2 گھریلو ملازمہ 100 تولے سے زائد سونا لوٹ کر فرار

image

شہر قائد کے علاقے محمد علی سوسائٹی میں رواں سال کی سب سے بڑی چوری کی واردات ہوئی ہے جس میں دو گھریلو ملازماؤں نے 100 تولے سے زائد سونا اور زیورات لوٹ کر فرار ہو گئے۔ چوری کی مالیت ساڑھے 4 کروڑ روپے سے زائد بتائی جا رہی ہے۔ واردات کے حوالے سے بہادر آباد تھانے میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

پولیس کو ماسیوں کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی فراہم کر دی گئی ہے جس میں ایک ماسی کا چہرہ کھلا جبکہ دوسری نے کالے رنگ کا ماسک لگا رکھا تھا۔ متاثرہ فیملی کے مطابق یہ دونوں ملازمائیں ایک روز قبل ہی گھر پر کام کے لیے رکھی گئی تھیں۔

فیملی کے مطابق بلڈنگ کے چوکیدار کی سفارش پر ماسیوں کو نوکری دی گئی تھی اور چوکیدار نے بتایا تھا کہ نادیہ اور دلشاد آپس میں نند بھاوج ہیں۔ دونوں ماسی شام 6 بجے گھر سے واپس چلی گئی تھیں لیکن جب گھر کی خواتین واپس آئیں تو دیکھا کہ کمرے کی الماری کا لاک ٹوٹا ہوا تھا اور فرش پر سونے کے زیورات کے ڈبے بکھرے ہوئے تھے۔

واردات میں سونے کے 6 سیٹ، انگوٹھیاں اور کڑے چوری ہوئے جس کی کل مقدار تقریباً 100 تولے سے زائد ہے۔ متاثرہ فیملی نے مطالبہ کیا ہے کہ نادیہ اور دلشاد کے خلاف کارروائی کی جائے اور چوری شدہ سامان ریکور کیا جائے۔

پولیس سی سی ٹی وی فوٹیج کی بنیاد پر ملزمان کی تلاش میں مصروف ہے جس میں واردات کے بعد فرار ہونے کے مناظر بھی واضح ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US